ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

خیبر پختونخوا اسمبلی کا تاریخ ساز فیصلہ، اجلاس پہلی بار کرکٹ اسٹیڈیم میں بلانے کا اعلان

پشاور:خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس کو پہلی مرتبہ روایتی عمارت سے باہر منعقد کرنے کا غیر معمولی فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت اسمبلی کا آئندہ اجلاس کرکٹ اسٹیڈیم میں بلایا جائے گا۔ اس اقدام کو صوبے کی پارلیمانی تاریخ میں ایک منفرد اور اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے اعلان کیا ہے کہ 22 اپریل کو اسمبلی کا اجلاس عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔ اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق اجلاس سہ پہر تین بجے شروع ہوگا اور اس کی صدارت خود اسپیکر کریں گے۔

اسپیکر بابر سلیم سواتی کے مطابق اس فیصلے کا بنیادی مقصد عوام کو اپنے منتخب نمائندوں کی کارکردگی براہ راست دیکھنے کا موقع فراہم کرنا اور جمہوری عمل میں شفافیت کو فروغ دینا ہے، اس طرح کے اقدامات سے عوامی شمولیت میں اضافہ ہوگا اور عوام اور نمائندوں کے درمیان فاصلے کم ہوں گے۔

ترجمان اسمبلی کے مطابق اس غیر معمولی اجلاس کے انعقاد پر حکومتی اور اپوزیشن اراکین کے درمیان اتفاق پایا گیا ہے۔ اجلاس کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے محکمہ کھیل، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ سیکیورٹی سمیت دیگر امور کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ادارے متحرک ہو چکے ہیں۔

اسپیکر بابر سلیم سواتی، ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی، سیکرٹری اسمبلی سید وقار شاہ اور دیگر صوبائی وزراء نے کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کرکے انتظامات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا ہے تاکہ اجلاس کے انعقاد میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ نے اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کھلے میدان میں اجلاس اپوزیشن کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا کیونکہ وہ حکومتی کارکردگی پر عوام کے سامنے براہ راست سوالات اٹھا سکیں گے، حکومت کا یہ نیا تجربہ کس مقصد کے لیے کیا جا رہا ہے، یہ ابھی واضح نہیں، اپوزیشن اس موقع کو بھرپور انداز میں استعمال کرے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مردان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے احتجاجاً ہم اس بار صوبائی اسمبلی کا اجلاس اسمبلی کے گراؤنڈ میں کریں گے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں