اسلام آباد: ریڈ زون میں واقع تمام وزارتوں، ڈویژنز اور وفاقی اداروں کو آج ورک فرام ہوم کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق افسران اور عملے کو شہر میں موجود رہنے اور ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی آئینی عدالت میں آج عدالتی کارروائیاں معطل رہیں گی۔ اعلامیے کے مطابق ریڈ زون کی بندش کے باعث اسلام آباد میں سماعتیں نہیں ہوں گی اور چیف جسٹس کی ہدایت پر ایک روزہ عدالتی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ 21 اپریل کی کاز لسٹ بھی منسوخ کر دی گئی ہے، تاہم عدالتی عملہ گھروں سے کام جاری رکھے گا اور افسران اپنی ڈیوٹی پر موجود رہیں گے، جبکہ برانچ رجسٹریاں عدالتی و انتظامی امور کے لیے کھلی رہیں گی۔
اسی طرح اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھی 21 اپریل کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رجسٹرار کے مطابق ریڈ زون کی بندش کے باعث یہ اقدام کیا گیا۔