اسلام آباد: امریکا اور ایران کے درمیان متوقع مذاکرات کے دوسرے دور کی تیاریوں کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس، پنجاب رینجرز، فرنٹیئر کور پاکستان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اہم شاہراہوں اور داخلی راستوں پر تعینات ہیں، جبکہ ریڈ زون جانے والے تمام راستے مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔
کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے، جبکہ سری نگر ہائی وے پر بھی مختلف اوقات میں آمد و رفت معطل کی جا رہی ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق جڑواں شہروں میں ہیوی، کمرشل اور پبلک ٹرانسپورٹ کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام نے شہریوں کو متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ بلیو ایریا میں کاروباری سرگرمیاں جزوی طور پر جاری ہیں۔ ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے، تاہم اس کے باہر دفاتر اور مارکیٹس کھلی ہیں۔
ادھر انتظامی اقدامات کے تحت میٹرو بس سروس بھی مکمل طور پر معطل کر دی گئی ہے، جبکہ جڑواں شہروں کے بیشتر تعلیمی اداروں نے آئندہ ہفتے تک کلاسز آن لائن منتقل کر دی ہیں۔