ا سلام آباد: پاکستان نے بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی صورتحال کے تناظر میں فعال اور نتیجہ خیز سفارتی کردار جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور آئندہ بین الاقوامی سفارتی مصروفیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان ایک واضح حکمت عملی اور اسٹریٹجک وژن کے ساتھ نتائج پر مبنی سفارت کاری کو فروغ دے گا اور عالمی و علاقائی سطح پر فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں پیشگی سفارتی رابطے، مؤثر حکمت عملی اور واضح اہداف کے ساتھ خارجہ پالیسی پر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ناگزیر قرار دیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ پاکستان علاقائی و عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
مزید برآں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ترکیے کے وزیر خارجہ حاقان فیدان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں خطے کی صورتحال اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکرات کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل پر زور دیا۔
ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے دوران پاکستانی وفد کی میزبانی پر ترکیے کا شکریہ ادا کیا اور علاقائی تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو کی۔
اسی سلسلے میں کرغیزستان کے وزیر خارجہ سے بھی ٹیلی فونک رابطے میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کرغیز فریق نے پاکستان کے تعمیری سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے خطے میں امن کے لیے مذاکرات کی کوششوں کی حمایت کی۔