اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ملاقات کی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، ایران امریکا مذاکرات اور پاک ایران تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک تھے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے وزیراعظم کو ایرانی قیادت کے مؤقف سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور امریکا کے ساتھ مذاکراتی امور پر ایران کے خدشات سے متعلق پاکستانی قیادت کو اعتماد میں لیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتا رہے گا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، مذاکرات کے تسلسل کو برقرار رکھنے اور مسائل کے حل کے لیے بات چیت کو مؤثر راستہ قرار دیا گیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا، جبکہ دونوں ممالک نے امن، استحکام اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کے عزم کا اعادہ کیا۔