ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ایران میں فضائی آپریشن بحال، 55 روز بعد غیر ملکی پروازوں کی آمدورفت دوبارہ شروع

امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد 55 روز تک تعطل کا شکار رہنے والا ایران کا بین الاقوامی فضائی آپریشن بالآخر دوبارہ بحال ہو گیا ہے، جس کے بعد تہران کے امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مختلف عالمی مقامات کے لیے پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق فضائی سرگرمیوں کی بحالی کے پہلے روز ہی تہران سے مدینہ، مسقط، استنبول، دوحہ، شنگھائی اور گوانگژو کے لیے پروازیں روانہ ہوئیں، جسے ایرانی حکام فضائی نظام کی بتدریج مکمل بحالی کی جانب اہم قدم قرار دے رہے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق حج 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں بھی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ایرانی عازمینِ حج کے انتظامات سے متعلق ابتدائی ٹیم اور کوآرڈینیٹرز پر مشتمل پہلا وفد سعودی عرب کے لیے روانہ ہو چکا ہے، جو آئندہ حج آپریشن کی تیاریوں کا حصہ ہوگا۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق فضائی آپریشن کی بحالی کے ساتھ ہی مشرقی ایشیا سے بھی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، اور اطلاعات کے مطابق شنگھائی اور گوانگژو سے آئندہ دنوں میں ایران کے لیے پروازوں کی آمد متوقع ہے، جس سے بین الاقوامی رابطوں کی بحالی مزید مستحکم ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

اسی دوران قطر ایئر ویز کی ایک پرواز بھی 55 دن کے وقفے کے بعد پہلی مرتبہ دوحہ سے تہران کے لیے روانہ ہوئی، جسے فضائی روابط کی بحالی کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

تہران سے بھی مختلف بین الاقوامی اور علاقائی مقامات کے لیے پروازیں معمول کے مطابق شیڈول پر آ گئی ہیں، جن میں دبئی، لاہور، نجف اور مسقط کے لیے پروازیں شامل ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق آئندہ دنوں میں ملک کا فضائی نظام مزید متحرک ہوگا اور فلائٹ آپریشن کو مرحلہ وار مکمل طور پر بحال کرنے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں، تاکہ طویل تعطل کے بعد عالمی رابطے دوبارہ معمول پر آ سکیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں