ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

جنوبی لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزی، اسرائیلی حملوں میں 6 افراد جاں بحق

جنوبی لبنان ایک بار پھر کشیدگی کی لپیٹ میں آ گیا ہے، جہاں اسرائیلی فضائی اور زمینی کارروائیوں کے نتیجے میں جانی نقصان کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق حالیہ حملے میں کم از کم 6 افراد ہلاک جبکہ 2 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اگرچہ فریقین کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ موجود ہے، اس کے باوجود جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز ہونے والی کارروائیوں میں بھی متعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق اس حوالے سے اسرائیلی فوج نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کی کارروائیوں میں ان مقامات کو نشانہ بنایا گیا جو حزب اللہ کے زیرِ استعمال تھے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کی افواج کو جنوبی لبنان میں دھماکہ خیز مواد سے لیس ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم ممکنہ نقصان یا جانی نقصانات سے متعلق کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

ادھر عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں خطے کی انسانی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، جنگوں کے اثرات کے باعث ایران اور لبنان میں مجموعی طور پر 3 کروڑ 20 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں صحت کے بیشتر مراکز یا تو مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں یا بند پڑے ہیں۔

عالمی ادارۂ صحت نے مزید کہا ہے کہ لبنان میں طبی صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے، جہاں ادویات کی شدید قلت اور بیماریوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ادارے کے مطابق اس بڑھتے ہوئے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی امداد درکار ہے۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے یہ کارروائیاں ایسے موقع پرکی ہیں جب جمعرات کی شب جنگ بندی میں تین ہفتوں کی توسیع کا اعلان کیا گیا تھا۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں