ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

الیکشن کمیشن نے دو سیاسی جماعتیں ڈی لسٹ کر دیں

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دو سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم کرتے ہوئے انہیں باضابطہ طور پر ڈی لسٹ کر دیا ہے، جس کے بعد ملک میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی مجموعی تعداد کم ہو کر 167 رہ گئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد سیاسی حلقوں میں ایک بار پھر جماعتی نظم و نسق اور قانونی تقاضوں پر بحث شروع ہو گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی لسٹ کی جانے والی جماعتوں میں پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی، جس کی نسبت سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے بتائی جاتی ہے اور استحکام پاکستان تحریک شامل ہیں۔ ان دونوں جماعتوں کے انتخابی نشان بھی واپس لے لیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق یہ کارروائی الیکشن ایکٹ اور متعلقہ قواعد کی مسلسل خلاف ورزیوں کی بنیاد پر کی گئی۔ دونوں جماعتوں نے نہ تو اندرونی جماعتی انتخابات کرائے اور نہ ہی قانون کے مطابق سالانہ مالی گوشوارے جمع کروائ،انہیں متعدد بار اس حوالے سے مواقع فراہم کیے گئے اور باقاعدہ ہدایات بھی جاری کی گئیں،  مطلوبہ تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔

نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ پولیٹیکل فنانس ونگ کی سفارش پر کیا گیا اور حتمی کارروائی سولہ اپریل کو مکمل کی گئی تھی۔ اس کے بعد اب ان جماعتوں کو سرکاری فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تازہ فہرست کے مطابق ملک میں اب مجموعی طور پر ایک سو سڑسٹھ سیاسی جماعتیں موجود ہیں، جن میں سے چار جماعتیں ایسی بھی ہیں جو اس وقت بغیر کسی باضابطہ سربراہ کے کام کر رہی ہیں، جس پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں