اسلام آباد: وفاقی وزارتِ اطلاعات و نشریات کے زیرِ اہتمام ’معرکۂ حق‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر کتاب سچ کی جنگ کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ دنیا نے بھارت کے بیانیے کو یکسر مسترد کر دیا ہے اور پاکستان نے بیانیے اور سفارتی محاذ پر کامیابی حاصل کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف تھے، جبکہ دیگر شرکا میں پارلیمانی سیکریٹری اطلاعات دانیال عزیز اور وفاقی سیکریٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل شامل تھے۔ اس موقع پر کتاب کی رونمائی کے ساتھ ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی، جس میں معرکۂ حق کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے معرکۂ حق میں نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی اور بیانیہ محاذ پر بھی بھارت کو شکست دی، یہ کامیابی پوری قوم کے اتحاد، جذبے اور سچائی پر قائم رہنے کا نتیجہ ہے، کیونکہ سچ کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے پاکستانی میڈیا اور سوشل میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں، صحافیوں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے قومی بیانیے کو مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا، یہی وجہ ہے کہ عالمی سطح پر بھارت کے مؤقف کو پذیرائی نہیں مل سکی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کی مکاری، جھوٹ اور منافقت دنیا پر عیاں ہو چکی ہے، جبکہ پاکستان نے عزت اور وقار کے ساتھ اپنا مؤقف پیش کیا، حق اور سچ کے ساتھ ہونے کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کی مدد شاملِ حال رہی، جس کے نتیجے میں کامیابی حاصل ہوئی۔
انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران آئی ایس پی آر اور وزارتِ اطلاعات کے درمیان مکمل ہم آہنگی رہی، جس نے قومی بیانیے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی قومی مفادات کے تحفظ اور سچائی پر مبنی بیانیے کے فروغ کے لیے اسی اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ کام جاری رکھا جائے گا تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص مزید مضبوط ہو سکے۔