سعودی عرب نے خطے میں جاری حالیہ فوجی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین سے تحمل اور کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی ہے۔
جدہ میں ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس ہوا جس میں علاقائی صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تنازع کے حل کے لیے سیاسی اور سفارتی راستہ اختیار کیا جائے اور مزید کشیدگی یا عدم استحکام سے بچنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
کابینہ نے پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے لیے مکالمہ اور بات چیت ناگزیر ہے۔ اس حوالے سے پاکستان کے کردار کو مثبت قرار دیا گیا۔
اجلاس میں آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی محفوظ اور بلا رکاوٹ آمدورفت یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا تاکہ عالمی تجارت متاثر نہ ہو۔
سعودی وزارت خارجہ نے بھی پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا سیاسی حل تلاش کیا جائے جو خطے کو مزید بحران سے بچا سکے۔