موٹروے پولیس نے ملک بھر کی موٹرویز پر جانوروں سے لدی گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے، یہ فیصلہ عیدالاضحیٰ کے دوران عوامی تحفظ، ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے اور حادثات کے خطرات کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا کہ موٹرویز پر اب ایسی تمام گاڑیوں کے داخلے پر سختی سے پابندی ہوگی جن میں قربانی کے جانور لادے گئے ہوں، اس اقدام کا مقصد طویل سفر کے دوران ٹریفک دباؤ، سڑکوں پر رش اور ممکنہ حادثات سے بچاؤ ہے۔
دوسری جانب عیدالاضحیٰ کی آمد اور حج کا چاند نظر آنے کے بعد ملک بھر کی مویشی منڈیوں میں سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ شہری بڑی تعداد میں قربانی کے جانور خریدنے کے لیے منڈیوں کا رخ کر رہے ہیں، جس کے باعث جانوروں کی خریدو فروخت میں واضح اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
ادھر جانوروں کے چارے کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ رپورٹ کیا گیا ہے، جس پر مویشی پالنے والوں اور خریداروں دونوں کی جانب سے تشویش ظاہر کی جا رہی ہے، پہلے ہی مہنگائی کے دباؤ کے باعث قربانی کے جانور خریدنا مشکل ہو گیا ہے جبکہ چارے کی قیمتوں میں اضافہ صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہا ہے۔
عوا م نے موٹروے پولیس کے فیصلے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ کچھ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ٹریفک اور حادثات کے حوالے سے بہتر ہے جبکہ دیگر کا مؤقف ہے کہ متبادل انتظامات کے بغیر اس پابندی سے چھوٹے مویشی مالکان کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔