تہران: ایران میں محمد باقر قالیباف ایک بار پھر پارلیمنٹ کے اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں، وہ مسلسل ساتویں سال اس اہم عہدے پر فائز ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پارلیمانی ووٹنگ میں قالیباف نے اکثریت حاصل کی، جس کے بعد ان کے دوبارہ اسپیکر منتخب ہونے کا باضابطہ اعلان کیا گیا،محمد باقر قالیباف کو ایران کی سیاست میں ایک بااثر شخصیت تصور کیا جاتا ہے۔ وہ حالیہ ایران امریکا مذاکرات سمیت خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی کوششوں میں بھی اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ان کی دوبارہ کامیابی اس بات کی علامت سمجھی جا رہی ہے کہ ایرانی قیادت موجودہ سیاسی و سفارتی پالیسیوں میں تسلسل برقرار رکھنا چاہتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب خطے میں کشیدگی اور عالمی سفارت کاری اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔
قالیباف اس سے قبل تہران کے میئر بھی رہ چکے ہیں اور انہیں ایران کے سکیورٹی و انتظامی امور میں طویل تجربہ حاصل ہے۔