نئی دہلی/وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو سالگرہ کی مبارک باد دی۔
وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم’ایکس‘پر ایک پیغام میں لکھا، وزیر داخلہ امیت شاہ جی کو سالگرہ کی دلی مبارک باد۔ ان کی انتظامی صلاحیتوں نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ہندوستان کا داخلی سلامتی کا نظام مزید مؤثر بنے۔
وزیر اعظم نے خاص طور پر ماؤ نوازوں کے مسئلے سے نمٹنے اور منشیات کے غلط استعمال پر قابو پانے کے لیے حکومت کی جانب سے طے کی گئی حکمت عملی پر زور دیا اور ان کوششوں کو ملک کی سلامتی اور سماجی مقاصد کے لیے ضروری قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ماؤ نوازوں کے خطرے کو ختم کرنے اور منشیات سے پاک معاشرے کے ہمارے خواب کو آگے بڑھانے میں حاصل ہونے والی کامیابیاں خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔
انہوں نے امیت شاہ کی طویل اور صحت مند زندگی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا، میں تمنا کرتا ہوں کہ عوام کی خدمت کرتے ہوئے انہیں طویل اور صحت مند زندگی نصیب ہو۔
انہوں نے کہا کہ امیت شاہ نے مرکزی حکومت کی داخلی سلامتی کی حکمت عملی میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس میں شورش کے خلاف کارروائیاں، ماؤ نوازوں کی سرگرمیوں پر روک لگانا اور منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنا شامل ہے۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments