چندہ ’شری رام‘ کے نام پر آیا تھا، حساب بھی دینا ہوگا اور جوابدہی بھی طے کرنی ہوگی، خاموشی نہیں جواب چاہیے: جے رام رمیش

رام مندر میں مبینہ چندہ چوری کا معاملہ کئی ماہ سے سرخیوں میں ہے۔ اس معاملے پر کانگریس مسلسل بی جے پی اور آر ایس ایس کو سخت تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک اخبار کا تراشا شیئر کیا جس کی سرخی ہے ’ملزمان پر تیسری بار بھی نہیں طے ہو سکے الزام‘۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں ’چندہ چوری، عقیدت کے ساتھ دھوکہ‘ کی سرخی لگاتے ہوئے کانگریس لیڈر لکھتے ہیں کہ ’’ہم پہلے ہی دن سے کہہ رہے ہیں کہ بی جے پی حکومت اصلی بڑے چوروں کو بچانا چاہتی ہے۔ اب رام مندر نذرانہ چوری معاملے میں 8 ملزمان کے خلاف تیسری بار بھی جرم طے نہیں ہو سکے۔ ملزمان کی ویڈیو کانفرنسنگ سے پیشی ہوئی، لیکن ویڈیو فوٹیج اور آڈیو دستیاب کرانے کا مطالبہ زیر التوا ہے۔‘‘

جے رام رمیش اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں مزید لکھتے ہیں کہ ’’سوال یہ ہے کہ رام مندر کی پوری ویڈیو فوٹیج اور آڈیو سامنے آنے سے کس کی قلعی کھلے گی؟ عوام سمجھتے ہیں کہ پوری فوٹیج اور آڈیو سے نذرانے کی چوری اور ’بڑے لوگوں‘ کی ملی بھگت سے منسلک اہم راز سامنے آ سکتے ہیں۔ ملک جاننا چاہتا ہے کہ ان ریکارڈنگس میں کیا درج ہے اور انہیں دستیاب کرانے میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے؟‘‘ کانگریس لیڈر نے یہ بھی لکھا کہ ’’سی سی ٹی وی میں نذرانے کی رقم ہٹانے کے 105 واقعات سامنے آئے۔ 2020 میں آڈٹ کے متعلق کئی بار وارننگ دی گئی، 4 جون کو چوری کی ویڈیو سامنے آئی اور 25 جون کو ایف آئی آر درج ہوئی۔ آج تک پورے سسٹم کی جوابدہی طے نہیں ہوئی۔ آخر کیوں؟‘‘

راجیہ سبھا رکن جے رام رمیش نے لکھا کہ ’’بی جے پی کی حکومتیں آر ایس ایس، وشو ہندو پریشد اور بی جے پی سے وابستہ لوگوں کو بچانے میں اتنی دلچسپی کیوں دکھا رہی ہیں؟ کیا انہیں شرم نہیں ہے؟ کیا انہیں عوام کی شکل میں بھگوان کا ڈر نہیں ہے؟‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’ہم پھر پوچھتے ہیں کہ چمپت رائے اور انل مشرا جیسے ٹرسٹ کے عہدیدار ملزم کے بجائے گواہ کیوں ہیں؟ بڑے ذمہ دار لوگوں کے کردار کی جانچ کب ہوگی؟ کیا چوری کی ذمہ داری صرف 8 ملزمان تک محدود کر دی جائے گی؟‘‘

یہ بھی پڑھیں :

جے رام رمیش کے مطابق کانگریس کا مطالبہ واضح ہے، پورے معاملے کی سپریم کورٹ کی نگرانی میں آزادانہ اور غیرجانبدارنہ جانچ ہو۔ آڈٹ کے متعلق دی گئی کئی بار وارننگ، سی سی ٹی وی فوٹیج، مالی لین دین اور ٹرسٹ کے عہدیداروں کے کردار کی جانچ ہو۔ ’شری رام‘ کے نام پر آئے نذرانے کا پورا حساب ملک کے سامنے رکھا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’شری رام مندر کا کریڈٹ لینے میں سب سے آگے رہنے والے وزیر اعظم نریندر مودی اب نذرانے کی چوری پر جوابدہی سے پیچھے کیوں ہٹ رہے ہیں؟ چندہ شری رام کے نام پر آیا تھا۔ حساب بھی دینا ہوگا اور جوابدہی بھی طے کرنی ہوگی۔ خاموشی نہیں، جواب چاہیے۔‘‘

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں