35لاکھ روپے کے مبینہ چیک فراڈ معاملے میں ای او ڈبلیو کشمیر نے ملزم کے خلاف چارج شیٹ داخل کر دی

سری نگر/کرائم برانچ جموں و کشمیر کے اکنامک آفینسز ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے 35 لاکھ روپے کے مبینہ چیک فراڈ معاملے میں پلوامہ کے ایک رہائشی کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ ای او ڈبلیو کشمیر نے ایف آئی آر نمبر 44/2026 کے تحت بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعات 318(2)، 336(3) اور 340 کے تحت چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (سی جے ایم) پلوامہ کی عدالت میں چارج شیٹ پیش کی ہے۔ملزم کی شناخت مشتاق احمد یتو ولد علی محمد یتو ساکن چن پورہ، راج پورہ، پلوامہ کے طور پر کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ معاملہ ایک تحریری شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا تھا، جس میں شکایت کنندہ نے الزام عائد کیا تھا کہ وہ ملزم کے ساتھ کاروباری شراکت داری میں شامل تھا۔ کاروباری حسابات کے تصفیے کے دوران ملزم کے ذمے 35 لاکھ روپے کی رقم واجب الادا پائی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ رقم کی ادائیگی کے لیے ملزم نے مبینہ طور پر شکایت کنندہ کو ایک چیک دیا، تاہم بینک نے یہ چیک مسترد کر دیا، کیونکہ چیک ملزم کے والد کے نام پر جاری کیا گیا تھا، جن کا دو سال قبل انتقال ہو چکا تھا۔ الزام ہے کہ چیک پر ملزم نے اپنے دستخط کیے تھے۔
بیان کے مطابق تحقیقات کے دوران شکایت میں عائد الزامات درست ثابت ہوئے اور ملزم کے خلاف الزامات کے شواہد سامنے آئے۔ اس کے بعد سب انسپکٹر فاروق احمد نے تحقیقات مکمل کرکے مزید قانونی کارروائی اور عدالتی فیصلے کے لیے چارج شیٹ متعلقہ عدالت میں پیش کر دی۔
دریں اثنا، ایس ایس پی ای او ڈبلیو کشمیر نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کاروباری لین دین کا مکمل ریکارڈ اور دستاویزات محفوظ رکھیں، مالیاتی دستاویزات اور چیک کی اچھی طرح تصدیق کریں اور دھوکہ دہی کی سرگرمیوں سے ہوشیار رہیں تاکہ اپنی محنت کی کمائی کو محفوظ بنایا جا سکے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں