سری نگر/نیشنل کانفرنس کے ناراض اراکین اسمبلی اور پارٹی قیادت کے درمیان اختلافات ختم ہونے اور مفاہمت کے آثار نظر آنے لگے ہیں۔ پارٹی قیادت نے بعض مطالبات پر فوری کارروائی جبکہ دیگر معاملات کو مرحلہ وار حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔نیشنل کانفرنس کے رکن اسمبلی نذیر احمد گریز ی نے جمعہ کو وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اراکین اسمبلی نے وزیر اعلیٰ کے سامنے کئی اہم معاملات اٹھائے۔
گریز ی نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ اور ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے سامنے اپنے بعض مسائل رکھے، جن پر انہیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ سیاسی سمیت کچھ مطالبات پر فوری کارروائی کی جائے گی، جبکہ دیگر مطالبات کو بتدریج پورا کیا جائے گا۔
دریں اثنا، نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی میں اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم متحد ہے اور اراکین اسمبلی کی جانب سے اٹھائے گئے خدشات اور مسائل کو حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی نے اپنے تحفظات پارٹی قیادت اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے سامنے رکھے ہیں، جنہوں نے ان مسائل پر غور کرنے اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔فاروق عبداللہ نے مزید کہا کہ اراکین اسمبلی کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل حقیقی ہیں اور انہیں جلد از جلد حل کیا جائے گا۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments