محمد اسد حنیف 41 ہزار 605 ووٹ ،راشد بشیر ورک 43 ہزار 345 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے،غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ
فائل فوٹو
چیچی وطنی: قومی اسمبلی کے حلقے این اے 77 اورپنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) نے میدان مار لیا۔
پنجاب اسملبی کے حلقہ پی پی 203 ساہیوال 6 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے محمد اسد حنیف اوراین اے 77 بشیر ورک کامیاب ہوگئے۔
غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی پی 203 چیچہ وطنی میں مسلم لیگ (ن) کے محمد اسد حنیف 41 ہزار 605 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ تحریک احساس پاکستان کے محمد اویس محمود 25 ہزار 27 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ 1 کے بھی تمام 333 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آگیا جس کے مطابق مسلم ليگ (ن) کے راشد بشیر ورک 43 ہزار 345 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے محمد ابراہیم 30 ہزار 218 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
این اے 77 کی نشست ن لیگی ایم این اے محمود بشیر ورک کے انتقال پر خالی ہوئی تھی جبکہ پی پی 203 چیچہ وطنی کی نشست ن لیگ کے حنیف جٹ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
کامیابی کی خبر ملتے ہی مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد مرکزی دفتر پہنچ گئی، جہاں جشن کا سماں ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سائرہ افضل تارڑ، بلال فاروق تارڑ اور سابق وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر بھی راشد بشیر ورک کو مبارک باد دینے پہنچے۔
اس موقع پر کارکنوں کی جانب سے آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، جبکہ ڈھول کی تھاپ پر کارکنوں نے بھنگڑے ڈال کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ مرکزی دفتر میں کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے اور جشن کا سلسلہ جاری ہے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 چیچہ وطنی پر ضمنی انتخاب ہوا جہاں ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا۔