کولگام/جنوبی ضلع کولگام میں جاری مسلح جھڑپ کے دوران سیکیورٹی فورسز انتہائی احتیاط اور تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہیں، کیونکہ لشکرِ طیبہ (ایل ای ٹی) سے وابستہ جنگجو لطیف نے ایک مسجد میں پناہ لے رکھی ہے۔ یہ بات ایس ایس پی کولگام انایت علی چودھری نے بدھ کے روز کہی۔
کارروائی کے مقام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی نے بتایا کہ محاصرے میں پھنسے جنگجو کو ہتھیار ڈالنے پر آمادہ کرنے کے لیے متعدد بار کوششیں کی گئیں، تاہم اس نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کر دیا۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 9 راشٹریہ رائفلز کے کمانڈنگ آفیسر کے ہمراہ ویڈیو کال کے ذریعے لطیف سے رابطہ کیا اور اسے ہتھیار ڈالنے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران اسے یاد دلایا گیا کہ وہ ابھی کم عمر ہے، تاہم جنگجو نے ان کی بات ماننے سے انکار کر دیا۔
ایس ایس پی نے کہا کہ مسجد کی موجودگی کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز انتہائی احتیاط برت رہی ہیں۔ مسجد محاصرے کے درمیان واقع ہے اور ہماری کوشش ہے کہ کارروائی کے دوران اسے کم سے کم نقصان پہنچے۔انہوں نے بتایا کہ جنگجو نے سہ پہر تقریباً 3 بج کر 45 منٹ پر سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی، جس کے بعد جھڑپ شروع ہوئی۔ حساس مقام اور احتیاطی تدابیر کے باعث آپریشن میں وقت لگ رہا ہے۔
عنایت علی چودھری نے کہا کہ علاقے کو مکمل طور پر محاصرے میں لیا گیا ہے اور مقررہ معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) کے تحت کارروائی جاری ہے۔ جنگجو کو ہلاک کیا جائے گا، اگر اس میں مزید وقت لگتا ہے تو ہمارے پاس وقت بھی ہے اور دن بھی۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر پولیس کو موصول ہونے والی مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن شروع کیا گیا تھا، جس میں تمام سیکیورٹی فورسز باہمی تال میل کے ساتھ کارروائی کر رہی ہیں۔
ایس ایس پی کے مطابق پولیس کافی عرصے سے لطیف کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھی اور مسجد کو کم سے کم نقصان پہنچاتے ہوئے آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments