کولگام میں کئی روزہ تلاشی کارروائی کےبعد جھڑپ دوبارہ شروع، سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، آپریشن جاری

سری نگر/جنوبی ضلع کولگام میں بدھ کے روز سیکورٹی فورسز نے جنگجوؤں کے ساتھ دوبارہ رابطہ قائم کیا، جس کے بعد علاقے میں مسلح جھڑپ شروع ہوگئی۔ حکام نے بتایا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے۔
کشمیر زون پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ کولگام میں پولیس اور سیکورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم کا جنگجوؤں کے ساتھ آمنا سامنا ہوا ہے اور جھڑپ شروع ہوگئی ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ 16 نومبر کو کولگام کے لارو علاقے میں جھڑپ کے بعد بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی شروع کی گئی تھی۔ اس دوران جائے وقوعہ سے ایک لاش اور ایک ہتھیار برآمد کیا گیا تھا۔ علاقے کا محاصرہ برقرار رکھا گیا تھا جبکہ اضافی سیکورٹی اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا تھا تاکہ فرار ہونے والے دیگر جنگجوؤں کی تلاش کی جاسکے۔
ادھر، اس سے قبل علاقے میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاعات ملنے کے بعد آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ یہ کارروائی 11 نومبر کو میر بازار کے قریب آکھرن میں سی آر پی ایف کی چیک پوسٹ پر ہوئے حملے کے چند روز بعد شروع کی گئی تھی، جس میں سی آر پی ایف کے تین اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں