سماجوادی پارٹی کے بانی اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ ملائم سنگھ یادو کے یوم پیدائش پر پارٹی صدر اکھلیش یادو نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اکھلیش یادو نے اپنے والد ملائم سنگھ کے یوم پیدائش پر ایک جذباتی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے نیتا جی کے سماجوادی اصولوں اور انسانی اقدار کو یاد کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’آج قابل احترام نیتا جی کے یوم پیدائش پر انہیں کروڑوں بار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ہم ان کے سماجوادی اصولوں اور انسانی و عملی اقدار کو مزید مضبوطی کے ساتھ اپنانے اور زندگی کے ہر شعبے میں فعال کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔‘‘
اکھلیش یادو نے مزید لکھا کہ ’’قابل احترام نیتا جی سے ہم نے جو سب سے آسان سبق سیکھا وہ تھا کسی کے برے وقت میں اس کا ساتھ دینا اور کوئی بھی شخص اگر ’مدد‘ کی امید لے کر آئے تو جہاں تک ممکن ہو سکے اس کی مدد کرنا۔ اس کے ساتھ ہی ایک اچھی بات یہ بھی سیکھی کہ ممکن ہے کوئی کسی وجہ یا دباؤ کے سبب آپ کے خلاف ہو گیا ہو لیکن ہر کوئی ہمیشہ برا یا خراب نہیں ہوتا۔ اسی لیے جب کبھی کوئی سچے دل اور بے لوث جذبے کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے قدم بڑھائے تو اس کی جانب ہاتھ بڑھانے میں پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔‘‘
یہ بھی پڑھیں :
قابل ذکر ہے کہ 22 نومبر 1939 کو اٹاوہ میں پیدا ہونے والے ملائم سنگھ یادو نے 1992 میں سماجوادی پارٹی کی بنیاد رکھی تھی۔ انہیں ’نیتا جی‘ کے نام سے جانا جاتا تھا۔ ملائم سنگھ یادو 10 بار اتر پردیش اسمبلی اور 7 بار لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے۔ انہوں نے 3 بار اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالی۔ 2019 کے لوک سبھا انتخاب میں انہوں نے مین پوری سیٹ سے کامیابی حاصل کی تھی اور 10 اکتوبر 2022 کو 82 سال کی عمر میں ان کا انتقال ہو گیا تھا۔ انہیں سیاسی اور سماجی خدمات کے لیے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے بعد از مرگ ’پدم وبھوشن‘ سے نوازا تھا۔