نئی گاڑی کی لمبائی 4 ہزار 205 ملی میٹر، چوڑائی ایک ہزار 810 ملی میٹر اور اونچائی ایک ہزار 570 ملی میٹر ہے
بی وائی ڈی کی نئی الیکٹرک کار،پانچ منٹ میں 70 فیصد چارج ہونے کا دعویٰ
چینی کمپنی بی وائی ڈی نے اپنی چھوٹی الیکٹرک کار سیگل (Seagull) کی نئی نسل متعارف کرا دی ہے، جسے آسٹریلیا میں ایٹو ون (Atto 1) کے نام سے جانا جاتا ہے۔ پاکستان میں بی وائی ڈی کی ایٹو ٹو (Atto 2) ایس یو وی تیزی سے مقبول ہو رہی ہے، تاہم ایٹو ون اس سے مختلف ایک چھوٹی سائز کی الیکٹرک کار ہے، جسے اب نئے ڈیزائن اور جدید خصوصیات کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
بی وائی ڈی نے نئی سیگل کو 20 اکتوبر 2026 کو چین کے شہر ژینگ ژو میں متعارف کرایا۔ چینی مارکیٹ میں اس کی ابتدائی قیمت 65 ہزار 900 یوآن رکھی گئی ہے، جو تقریباً 14 ہزار 700 آسٹریلوی ڈالر بنتی ہے، جبکہ سب سے مہنگے ماڈل کی قیمت 99 ہزار 900 یوآن تک ہے۔
نئی گاڑی کی لمبائی 4 ہزار 205 ملی میٹر، چوڑائی ایک ہزار 810 ملی میٹر اور اونچائی ایک ہزار 570 ملی میٹر ہے۔ اس کا وہیل بیس 2 ہزار 650 ملی میٹر رکھا گیا ہے۔ گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں گاڑی کی لمبائی 425 ملی میٹر بڑھائی گئی ہے۔
نئے ماڈل میں پہلے کی چار نشستوں کے بجائے پانچ نشستیں دی گئی ہیں، جبکہ موٹر کو اگلے حصے سے منتقل کرکے پچھلے پہیوں کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ گاڑی کے پچھلے حصے میں ملٹی لنک سسپنشن بھی شامل کیا گیا ہے۔
نئی سیگل کے پانچ مختلف ورژن پیش کیے گئے ہیں۔ ابتدائی دو ماڈلز میں 30.1 کلو واٹ آور کی بیٹری اور 85 کلو واٹ کی موٹر دی گئی ہے، جن کی دعویٰ کردہ رینج 320 کلومیٹر ہے۔ اعلیٰ تین ورژنز میں 39.2 کلو واٹ آور کی بیٹری اور 95 کلو واٹ کی موٹر نصب ہے، جبکہ ان کی رینج 420 کلومیٹر بتائی گئی ہے۔ یہ تمام اعداد و شمار چین کے سی ایل ٹی سی ٹیسٹ معیار کے مطابق ہیں۔
گاڑی کی نمایاں خصوصیت فلیش چارجنگ ٹیکنالوجی ہے۔ کمپنی کے مطابق مخصوص چارجنگ اسٹیشن پر بیٹری صرف پانچ منٹ میں 10 سے 70 فیصد اور نو منٹ میں 10 سے 97 فیصد تک چارج ہو سکتی ہے۔
نئے ماڈل میں 15.6 انچ کی مرکزی ٹچ اسکرین، 50 واٹ وائرلیس فون چارجنگ، اگلی نشستوں کے لیے ہیٹنگ اور وینٹی لیشن سمیت ڈرائیور کی نشست میں مساج کا فیچر بھی دیا گیا ہے۔ مہنگے ترین ماڈل میں چھت پر لائیڈار سینسر اور بی وائی ڈی کا ڈرائیور اسسٹنس سسٹم بھی شامل ہے۔
دوسری جانب بی وائی ڈی آسٹریلیا نے تاحال نئی نسل کی ایٹو ون کی مقامی مارکیٹ میں آمد کے حوالے سے کوئی حتمی اعلان نہیں کیا۔ آسٹریلیا میں موجودہ ماڈل محدود مدت کی پیشکش کے تحت 19 ہزار 990 آسٹریلوی ڈالر میں دستیاب ہے۔