حکومت کا مزید 8 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ، تیسرا عالمی ٹینڈر جاری

اہم قدم، ٹی سی پی نے ٹینڈر طلب کر لیا، بولی جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر مقرر کی گئی ہے۔

November 23, 2026 · اہم خبریں

ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کی جانب سے گندم کی درآمد کے لیے جاری کردہ تیسرا بین الاقوامی ٹینڈر۔

ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کی جانب سے گندم کی درآمد کے لیے جاری کردہ تیسرا بین الاقوامی ٹینڈر۔

وفاقی حکومت نے ملک کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تیسرا بین الاقوامی ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کی جانب سے جاری کردہ ٹینڈر دستاویزات کے مطابق بین الاقوامی سپلائرز سے بولیاں طلب کر لی گئی ہیں اور بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر مقرر کی گئی ہے۔

دستاویزات کے مطابق اسی روز دوپہر ڈھائی بجے تکنیکی بولیاں کھولی جائیں گی جبکہ عالمی سپلائرز کے لیے کم از کم 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی بولی دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ٹینڈر کی شرائط کے تحت بھارت، اسرائیل اور دیگر ممنوعہ ممالک سے گندم درآمد کرنے پر مکمل پابندی ہوگی۔ جنگ زدہ علاقوں سے گندم فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے لازم ہوگا کہ وہ متبادل ممالک سے سپلائی کی پیشکش بھی پیش کریں۔ گندم کی درآمد کے خواہشمند سپلائرز کے پاس کم از کم 5 سال کا برآمدی تجربہ ہونا ضروری ہے اور انہیں گزشتہ 5 سال کے دوران کم از کم 50 ہزار ٹن گندم برآمد کرنے کی شرط بھی پوری کرنا ہوگی۔

ٹینڈر دستاویزات میں واضح کیا گیا ہے کہ درآمد کی جانے والی گندم سال 2026 کی نئی فصل کی ہونی چاہیے جس میں نمی کی زیادہ سے زیادہ شرح 14.5 فیصد، پروٹین کم از کم 10 فیصد اور ویٹ گلوٹن کی مقدار کم از کم 23 فیصد مقرر کی گئی ہے۔ معیار پر پورا نہ اترنے والی گندم کو فوری طور پر مسترد کر دیا جائے گا جبکہ ٹھیکے کا فیصلہ مجموعی طور پر کم ترین لاگت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

گندم کی ترسیل کے لیے 2 مراحل مقرر کیے گئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 4 لاکھ ٹن گندم 25 دسمبر 2026 سے 5 جنوری 2027 کے دوران پاکستان روانہ کرنا ہوگی جبکہ مزید 4 لاکھ ٹن گندم 6 سے 15 جنوری 2027 کے دوران روانہ کی جائے گی۔ تمام 8 لاکھ ٹن گندم 15 فروری 2027 تک کراچی یا گوادر کی بندرگاہوں پر پہنچانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مقررہ وقت پر گندم کی ترسیل نہ کرنے کی صورت میں ابتدائی جرمانہ 25 امریکی سینٹ فی ٹن یومیہ لاگو ہوگا۔ اس کے علاوہ ٹی سی پی نے ٹینڈر میں گندم کی مقررہ مقدار میں 10 فیصد کمی یا اضافے کی گنجائش بھی رکھی ہے تاکہ ضرورت کے مطابق حتمی درآمدی مقدار میں ردوبدل کیا جا سکے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں