شین ژو 24 مشن کے تحت تیانگونگ اسٹیشن پہنچیں گے،پاکستان میں جوش و خروش
پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی دو چینی ساتھیوں سمیت خلائی مشن کیلئے روانہ
پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہا ہے جہاں پاکستانی خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی چین کے خلائی مشن شین ژو 24 کے تحت خلا کے سفر پر روانہ ہو چکے ہیں۔
یہ مشن بدھ کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوا، جس کے ذریعے محمد ذیشان علی چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر قدم رکھنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بن گئے ہیں۔
اس تاریخی اور باعث فخر موقع پر ملک بھر میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ پاکستانی خلا باز کی خلا میں روانگی سے پوری قوم کے سر فخر سے بلند ہو گئے ہیں اور یہ کامیابی آنے والی نسلوں کے لیے بڑے خواب دیکھنے کا حوصلہ ثابت ہوگی۔
چینی مشن کے ہمراہ روانہ ہوں گے
تاریخی سنگِ میل، سپارکو نے پورٹل جاری کردیا، تربیت مکمل ہوچکی ہے۔
پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے کے قریب ہے جہاں پہلا پاکستانی خلاباز چین کے خلائی مشن شین ژو 24 کے ذریعے خلا کا سفر کرے گا۔ پاکستان کے پہلے خلاباز کی چینی خلائی اسٹیشن روانگی کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور اس مشن میں پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی بطور سائنسی ماہر حصہ لیں گے۔
دستاویزات اور جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی اور خرم داؤد نے چین میں خصوصی خلائی تربیت کامیابی سے مکمل کر لی ہے، جن میں سے ایک خلاباز اس تاریخی مشن کے ذریعے خلا میں روانہ ہوگا۔ چیئرمین سپارکو یوسف خان نے اس پیشرفت کو پاکستان کے خلائی پروگرام کی تاریخ کا اہم اور یادگار دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا پہلا خلاباز سائنسی تجربات کے ساتھ ملک میں تحقیق کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا، اور یہ خلائی مشن قومی خلائی پروگرام میں ایک نئے باب کا اضافہ ثابت ہوگا۔
سپارکو کی جانب سے عوام کی سہولت کے لیے سپارکو مشن ہب انٹرنیٹ پورٹل جاری کر دیا گیا ہے جہاں شہری astronaut.suparco.gov.pk کے ذریعے رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ مشن ڈیش بورڈ کے ذریعے شہری خلائی اسٹیشن کے ماڈیولز، مشن ٹائم لائن اور کاؤنٹ ڈاؤن کلاک سمیت اہم معلومات دیکھ سکتے ہیں۔ پورٹل کے ذریعے شہری اپنا نام، شہر اور دیگر تفصیلات درج کر کے پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کا بورڈنگ پاس حاصل، ڈاؤن لوڈ اور شیئر کر سکتے ہیں۔ صارفین خلائی اسٹیشن کی لائیو ٹریکنگ کے ساتھ اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور، گلگت اور مظفرآباد سمیت مختلف شہروں پر اس کے گزرنے کا وقت بھی جان سکیں گے۔
مشن کی روانگی سے قبل چینی خلا بازوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد ذیشان علی نے کہا کہ یہ نہ صرف ان کے بلکہ پورے پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور وہ 24 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں ساتھ لے کر خلا میں جا رہے ہیں۔
سرکاری دستاویزات اور خلائی ایجنسیوں کے مطابق محمد ذیشان علی اس مشن میں سائنسی ماہر یا پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں۔ وہ خلائی اسٹیشن پر تجرباتی آلات کی تنصیب اور مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے جبکہ خلا میں تقریباً 1 ہفتہ گزارنے کے بعد زمین پر واپس آئیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ چینی زبان سیکھ چکے ہیں اور چینی عملے کے ساتھ ان کے برادرانہ اور پیشہ ورانہ تعلقات قائم ہو چکے ہیں۔
یہ بھی دیکھیں: پاکستانی خلا بازمحمد ذیشان علی کی چینی اور انگریزی زبان میں ویڈیو وائرل
یہ بھی دیکھیں: وفاقی وزیر احسن اقبال بیجنگ پہنچ گئے، پاکستانی خلا نورد جلد تاریخ رقم کرے گا
یہ بھی دیکھیں: پاکستان کے پہلے خلا باز کی روانگی پر چینی سفارتخانے کا خصوصی پیغام جاری
روانگی سے قبل اپنے ایک پیغام میں محمد ذیشان علی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے ان سے کہا تھا کہ اس مشن میں صرف ذیشان علی نہیں بلکہ پاکستان جا رہا ہے اور پورے پاکستان کی نمائندگی کا فخر ان کے سر پر ہے۔ اس موقع پر پاک چین دوستی کو سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے اونچی قرار دیتے ہوئے انہوں نے علامہ محمد اقبال کا شعر بھی پڑھا کہ “تو شاہیں ہے پرواز ہے کام تیرا، ترے سامنے آسماں اور بھی ہیں”۔