ویڈیو بنانے والے پوری کہانی بتا دی- کہانی گھڑنے کا الزام عوام پر عائد
تصویر: وڈیو گریب
رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں رخصتی کے بعد دلہن کے مبینہ طور پر اپنے آشنا کے ساتھ فرار ہونے کی وائرل ویڈیو کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔ ویڈیو بنانے والے نے نئی ویڈیو میں بیان جاری کردیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کے ساتھ دعویٰ کیا گیا کہ بارات صادق آباد کی جانب رواں دواں تھی کہ راستے میں دلہن نے ایک پیٹرول پمپ کے واش روم جانےکابہانہ کرکے گاڑی رکوائی۔ اسی دوران وہ مبینہ طور پر اپنے آشنا کے ساتھ فرار ہو گئی۔
ویڈیو میں واقعے کے بعد دلہا اور باراتی شاہراہ پر دلہن کی تلاش میں سرگرداں دکھائی دیے۔ اس موقع پر بنائی گئی ویڈیو وائرل ہو گئی جس پر صارفین کی جانب سے دلچسپ اور مختلف نوعیت کے تبصرے کیے گئے۔ ویڈیو میں دلہا کی شیروانی پہنے ایک شخص واضح طور پر دکھائی دیا جسے لاچار دلہا قرار دیا گیا۔
تاہم بعد ازاں ویڈیو بنانے والا ’دلہا‘ سامنے آگیا جس کا کہنا تھا کہ وہ لوگ فنی کانٹینٹ بناتے ہیں اور اس ویڈیو کا مقصد صرف یہ تھا کہ دلہا نے جوگرز پہنے ہوئے ہیں جس کی بنا پر ویڈیو وائرل ہوئی۔
بعض سوشل میڈیا صارفین نے شیروانی کے ساتھ جوگرز پہننے کو طنز کا نشانہ بنایا تھا کہ شیروانی کے نیچے جوگرز پہنے ہوئے ہیں اسی لئے بھاگی ہوگی ۔ کئی افراد نے ’دلہے‘ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
تاہم ویڈیو بنانے والے شخص کا کہنا ہے کہ اس کی شادی کو 8 برس ہوگئے ہیں اور دلہن کے بھاگنے والی بات لوگوں نے اپنی طرف سے بنا لی ہے۔ اور جو شیروانی اس نے پہنی ہوئی تھی وہ ایک دوست کی تھی جو گاڑی میں بیٹھا تھا کیونکہ وہ شیروانی پہن کا گاڑی میں نہیں بیٹھ سکتا تھا۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین کا پہلے ہی کہنا تھا کہ یہ ویوز کے چکر میں فیک کہانی لگ رہی اگر یہ حقیقی دلہا ہے تو اس کے آس پاس سے خواتین مرد بالکل اجنبی بن کر کیوں گزر رہے ہیں؟ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ حقیقی دلہا ہوتا تو براتی اسے یوں اگنور نہ کرتے بلکہ اس کے پاس کھڑے ہو کر افسوس کرتے۔