شائع
پاکستان میں انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والی بین الاقوامی زیرِ سمندر کیبل SEA-ME-WE 5 (SMW5) کی خرابی دور کردی گئی جس کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز معمول کی رفتار اور صلاحیت کے مطابق بحال ہوگئیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تصدیق کی ہے کہ SEA-ME-WE 5 (SMW5) بین الاقوامی سب میرین کیبل سسٹم کی خرابی دور کرنے کے بعد اسے کامیابی سے بحال کردیا گیا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق کیبل اب مکمل طور پر فعال ہے اور ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز معمول کی آپریٹنگ صلاحیت کے مطابق کام کر رہی ہیں۔
انٹرنیٹ کیبل کی بحالی ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (TWA) اور بین الاقوامی SMW5 کنسورشیم کے درمیان فوری رابطہ کاری اور تعاون کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔
تکنیکی ٹیموں نے خرابی دور کرنے اور رابطوں کی بحالی کے لیے مسلسل کام کیا جس کے نتیجے میں کیبل سسٹم کو دوبارہ فعال کردیا گیا۔
پی ٹی اے کے مطابق کیبل میں خرابی کے دوران عارضی طور پر انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی لنکس کے ذریعے منتقل کیا جاتا رہا، جس سے صارفین کو پیش آنے والی مشکلات اور سروس میں تعطل کے اثرات کم سے کم رکھنے میں مدد ملی۔
کیبل کی مکمل بحالی کے بعد پاکستان میں انٹرنیٹ سروسز دوبارہ معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں۔
