English Al Qamar Urdu جون 21, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

شہر میں پی ایس ایل کی سیکورٹی فوج کے سپرد ٗ 2ہیلی کاپٹرز بھی طلب

پولیس اور رینجرز بھی فرائض انجام دینگے ٗ اسٹیڈیم کے اطراف جاری ترقیاتی کام مکمل اور ٹریفک کا متبادل پلان تیار کرنے کی ہدایت
اسٹیڈیم کے قریب واقع اسپتالوں کو الرٹ رکھا جائے ٗ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت بریفنگ ٗ آئی جی سندھ ودیگر حکام کی شرکت
کراچی (نیوز ڈیسک)کراچی میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ پی ایس ایل فائنل کے لیے سیکورٹی پلان تیار کرلیا گیا جس کے تحت سیکورٹی کی ذمہ داری فوج کے سپرد کردی گئی جبکہ میچ کے رینجرز اور پولیس بھی فرائض انجام دیں گے سیکورٹی کے لیے سول ایوی ایشن سے دو ہیلی کاپٹر بھی طلب کرلیے گئے۔ وزیراعلیٰ ہائوس سندھ کے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پی ایس ایل کی تیاری سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر داخلہ، وزیر صحت، وزیر بلدیات، وزیر کھیل، چیف سیکریٹری اور پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت شامل تھے۔ ان کے علاوہ اجلاس میں ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ پولیس، کمشنر کراچی، سیکریٹری صحت، سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری کھیل، سیکریٹری بلدیات، میئر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ طاہر آزاد، سینئر منیجر سیکورٹی پی سی بی مسٹر ارشد خان، جنرل منیجر قومی کرکٹ اسٹیڈیم کراچی و دیگر سمیت اہم سیکورٹی اور سول حکام شریک ہوئے انسپکٹر جنرل سندھ پولیس اللہ ڈنو خواجہ نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کو بریفنگ دی ہے۔ اجلاس کے دوران آئی جی سندھ نے پی ایس ایل کے فائنل کی سیکورٹی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ پولیس نے لاہور کا دورہ کیا جہاں پاکستان و سری لنکا کے درمیان اکتوبر 2017ء میں ہونے والے میچ کی سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اسٹیڈیم کے قریب آغا خان و لیاقت نیشنل اسپتال میں ان کی انتظامیہ سے بات چیت کرکے انہیں الرٹ رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناگہانی صورتحال پر ان قریبی اسپتالوں کی خدمات لی جاسکتی ہیں اس کے علاوہ تمام ایمولینسز جو اسٹیڈیم میں موجود ہوں گی وہ جدید ایمرجنسی سہولیات سے لیس ہونی چاہئیں۔ اجلاس کے دوران ایس ایس پی سیکورٹی جاوید مہر نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ آئی جی پولیس نے سیکورٹی کمیٹی بنائی ہے جس میں پولیس، رینجرز اور خفیہ اداروں کے حکام روزانہ کی بنیاد پر آپس میں رابطہ رکھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے