سرینگر/لداخ میں نچلی سطح پر جمہوریت کو فروغ دینے پر نئے سرے سے توجہ دینے کا مطالبہ کرنے والے ایک نئے گروپ کے سامنے آنے کے درمیان، لیہ اپیکس باڈی (ایل اے بی) نے مرکزی وزارت داخلہ (ایم ایچ اے) کے ساتھ گزشتہ ملاقاتوں سے متعلق دستاویزات کا ایک مجموعہ عام کردیا ہے۔ ایل اے بی خطے کے آئینی اور سیاسی مطالبات پر مرکز کے ساتھ مذاکرات کررہی ہے۔ اس نے شفافیت اور عوام کے ذریعے آزادانہ جائزے کی ضرورت کا حوالہ دیتے ہوئے یہ دستاویزات منظر عام پر لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
مرکز اور ایل اے بی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس (کے ڈی اے) کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات کے کئی دور ہوچکے ہیں۔ دونوں تنظیمیں لداخ کے لیے آئینی تحفظات، زیادہ خودمختاری اور زمین، روزگار اور ثقافتی شناخت کے تحفظ کا مطالبہ کررہی ہیں۔
”لداخ کے عوام سے اپیل” کے عنوان سے جاری کردہ 71 صفحات پر مشتمل دستاویز میں ایل اے بی کے چیئرمین چیرنگ دورجے لکروک نے کہا کہ وزارت داخلہ کے ساتھ تبادلہ کیے گئے دستاویزات اور مسودوں کو عوام کے سامنے رکھنے کا مقصد لوگوں کو مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت، درج شدہ وعدوں اور اب بھی حل طلب مسائل کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ لداخ کے رہنماؤں اور وزارت داخلہ کے عہدیداروں کے درمیان مذاکرات کا آخری دور 17 اکتوبر کو لیہ میں منعقد ہوا تھا۔
لکروک نے کہاکہ ”میں ایل اے بی کی جانب سے اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے وزارت داخلہ کے ساتھ تبادلہ کیے گئے متعلقہ دستاویزات اور مسودوں کو لداخ کے عوام کے سامنے پیش کررہا ہوں۔ ہمیں توقع تھی کہ چیف سکریٹری کا دفتر اور وزارت داخلہ ان دستاویزات کو وسیع تر مشاورت اور بامعنی تبادلۂ خیال کے لیے عوامی سطح پر دستیاب کرائیں گے۔ تاہم، ایسا نہیں ہوا، خواہ اس کی وجہ دانستہ ہو یا غیر دانستہ۔ اسی لیے ایل اے بی نے دستاویزی ریکارڈ کو عوام کے سامنے لانے کی پہل کی ہے۔”
انہوں نے کہا کہ جب لداخ کے آئینی اور سیاسی مستقبل کا سوال ہو تو شفافیت انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مباحثے کی بنیاد افواہوں یا منتخب تشریحات کے بجائے حقائق پر ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ ”ہمارے عوام افواہوں یا منتخب تشریحات کے بجائے حقائق جاننے کے حق دار ہیں۔ یہ دستاویزات عوامی معلومات اور آزادانہ جائزے کے لیے دستیاب کرائی جارہی ہیں۔” انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ریکارڈ کا مطالعہ کریں اور اپنی رائے خود قائم کریں۔
مذاکرات میں ایل اے بی کے موقف کا دفاع کرتے ہوئے لکروک نے کہا کہ بامعنی آئینی تحفظات اور جمہوری حقوق حاصل کرنے کی اس کی کوششوں کو محاذ آرائی نہیں سمجھا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ ”اپنے عوام کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہمارے مضبوط موقف کو محاذ آرائی نہیں سمجھنا چاہیے۔ منصفانہ اور دیرپا حل تلاش کرنا محاذ آرائی نہیں، بلکہ لداخ کے عوام کے تئیں ہماری ذمہ داری ہے۔” انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ مختلف تجاویز کے درمیان اختلافات کا جائزہ لیں اور مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کو سمجھیں۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments