ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں مسترد

عدالت نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی استثنیٰ کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے انھیں آئندہ سماعت پر تینوں ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شریف فیملی کیخلاف نیب کی جانب سے دائر ریفرنسز کی سماعت کی۔ اس موقع پر نواز شریف کے وکیل کی جانب سے کلثوم نواز کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔ سابق وزیرِ اعظم کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو حاضری سے استثنیٰ دیا جائے جس پر ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے شدید مخالفت کی۔

نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا کہ ٹرائل اب مکمل ہونے کے مرحلے میں ہے اس لئے ملزمان کو حاضری سے استثنیٰ نہیں دیا جا سکتا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل کے بعد حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جسے بعد ازاں سناتے ہوئے ملزمان کی جانب سے دائر درخواستیں خارج کر دیں جبکہ عدالت نے نیب ریفرنسز کی سماعت 22 فروری تک کے لئے ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ ملزمان کی جانب سے دائر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست میں کہا گیا تھا کہ بیگم کلثوم نواز برطانیہ میں زیر علاج ہیں، ان کی طبیعت شدید خراب ہے اور کچھ میڈیکل ٹیسٹ ہونے ہیں جبکہ ڈاکٹرز نے تجویز کیا ہے کہ اس موقع پر مریضہ کے شوہر کا ان کے ساتھ ہونا بہتر ہے۔ نامزد تینوں ملزمان کی جانب سے درخواست 19 فروری سے دو ہفتوں کے لیے حاضری سے استثنیٰ کے لئے دائر کی گئی تھی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں