سیاسی جماعت کے اہم رہنما کے بنگلے پر چھاپے کے دوران حراست میں لئے جانے والے 3 افراد نامعلوم مقام پر منتقل
رائو انوار کے ساتھی اپنا ٹھکانہ بدل چکے ہیں حراست میں لئے جانے والے افراد کو رہا کرانے کیلئے وزراء سرگرم
کراچی( کرائم رپورٹر/بلال خان) صبح سویرے ڈیفنس میں سیاسی جماعت کے اہم رہنما کے بنگلے پر رائو انوار کے ساتھیوںکی موجودگی کی اطلار پر قانون نافز کرنے والے اداروں اور پولیس کا چھاپہ3 افراد زیر حراست‘ تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیفنس فیز 6خیابان بحریہ اسٹریٹ نمبر12 پر واقع سیاسی جماعت کے رہنما کے بنگلے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس نے مشترکہ چھاپہ مار کر بنگلے کی مکمل طور پر تلاشی لی اور بنگلے پر موجود3 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ سابق ایس ایس پی رائو انوار کے ساتھیوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا گیا لیکن ان کے ساتھی اپنا ٹھکانہ تبدیل کرچکے ہیں۔ جبکہ سندھ کی بڑی پارٹی رہنما کے بنگلے کے چوکیدار اور دو گارڈز کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں افرا دکو چھڑوانے کیلئے سیاسی جماعت کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر میدان میں اتر آئے ہیں لیکن قانون نافذ کرنے والے ادارے تینوں افراد کو نہیں چھوڑ رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زیر حراست افرا د نے دوران تفتیش اس بات کی تصدیق کی ہے کہ رائو انوار کے4 ساتھی گزشتہ3 روز سے بنگلے میں رہ رہے تھے اور ان سے اعلیٰ پولیس افسران سمیت سیاسی جماعت کے رہنمائوں نے ملاقات بھی کی ہے اور معاملہ دبانے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے۔

