پی ایس ایل سے پاکستان کرکٹ کیلئے نیا ٹیلنٹ سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے
ٹی شرٹ اور بال سائننگ کی تقریب سے عارف خاور، حماد پونا والا، منصور کادوانی و دیگر کا خطاب
کراچی(پ ر)پیزا پوائنٹ پاکستان کی جانب سے اپنے صارفین کو پی ایس ایل کے تھرڈ ایڈیشن کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لیے پیزا پوائنٹ کی ٹی شرٹ اور بال سائننگ کی پروقار تقریب کراچی میں منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی اور پیزا پوائنٹ کے برانڈ ایمبیسڈر کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم سرفراز احمد تھے۔ تقریب میں اس کیمپن کے شریک پرائز ماسٹر گروپ کے سی ای او محمد عارف خاور، آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر حماد پونا والا، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آ ئی) کی لاء ان آرڈر کی کمیٹی کے چیئر مین منصور کادوانی،شیخ راشد عالم،محترمہ نر جیس سلطانہ،ایم جاوید قریشی، شعیب خان اور مختلف شعبوں کے نمایاں شخصیات نے شرکت کی اور اس تقریب کو رونق بخشی۔ٹی شرٹ سائننگ کی تقریب کے موقع پر سرفراز احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ان کے لیے انتہائی خوشی کی بات ہے کہ گذشتہ چند سالوں میں پیزا پوائنٹ نے کامیابیوں کے جو منازل طے کیے اس کی مثال بہت کم دیکھنے میں آئی ہے، پیزا پوائنٹ پر صارفین کا روز بروز بڑھتا ہوا اعتبار اس کی بہترین کوالٹی اور ورائٹی کا منہ بولتاثبوت ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ آئندہ جب میں اس پلیٹ فارم پر آئوں گا تو اس وقت پیزا پوائنٹ ایک کامیاب ملک گیر فاسٹ فوڈ برانڈ کی حیثیت حاصل کرچکا ہوگا۔ کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ کھیلوں کے شعبے میں بالخصوص اسکولوں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے پیزا پوائنٹ کا کردار لائق تحسین ہے۔ تقریب سے خطاب اور میڈیا کے سوالوں کے جواب میں کپتان سرفراز کا کہنا تھا کہ خواہش ہے اس بار پی ایس ایل کی ٹرافی ضرور اٹھائیں، پاکستان سپر لیگ کی بدولت پاکستان میں کرکٹ واپس آرہی ہے اور یہ لیگ پاکستان کرکٹ کے لیے بہت مفید ثابت ہوئی ہے۔سرفراز احمد نے کہا کہ پی ایس ایل فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان کی حیثیت سے ان کی خواہش ہے کہ اس بار فائنل ضرور جیتیں کیوں کہ فائنل ان کے اپنے شہر کراچی میں ہورہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس بار بھی پی ایس ایل میں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی،مختصر مدت کی کرکٹ زیادہ ہونے کی وجہ سے کرکٹرز کو اپنی فٹنس برقرار رکھنے کا موقع نہیں مل رہا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پی ایس ایل سے پاکستان کرکٹ کے لیے نیا ٹیلنٹ سامنے آنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔یہ اچھی بات ہے کہ اس بار لیگ میں 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، زیادہ ٹیموں کا مطلب یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو موقع ملے گا اور مقابلہ سخت ہوگا۔سرفراز کا کہنا تھا کہ دوسرا ایڈیشن پہلے سے بہتر تھا اور امید ہے کہ تیسرا ایڈیشن بھی دوسرے سے زیادہ اچھا ہوگا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیزا پوائنٹ کے سی ای او فیضان راوت نے سرفراز احمد کو خوش آمدید کہتے ہوئے پی ایس ایل کے تھرڈ ایڈیشن کے لیے اپنی نیک خواہشات اور پی ایس ایل کے لیے اپنے برانڈ کی جانب سے بھرپور اور ہر ممکن تعاون کا اعلان کیا۔

