سرینگر/وادی کشمیر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہونے لگا ہے، جہاں سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں رواں موسم کا پہلی بار درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے درج کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.3 ڈگری سیلسیس جبکہ گلمرگ میں منفی 0.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 2.9 ڈگری سیلسیس، قاضی گنڈ میں 0.0 ڈگری سیلسیس، کوکرناگ میں 3.4 ڈگری سیلسیس جبکہ صوبہ جموں کے بانہال میں کم سے کم درجہ حرارت 3.7 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 24 اکتوبر کو بیشتر مقامات پر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے کم رہا۔ گلمرگ میں درجہ حرارت معمول سے 5.6 ڈگری سیلسیس کم ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کوکرناگ میں یہ فرق 5.2 ڈگری سیلسیس رہا۔
محکمہ موسمیات نے 31 اکتوبر تک جموں و کشمیر میں عمومی طور پر موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ یکم سے 3 نومبر تک مطلع عام طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارش اور بالائی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی برف باری ہو سکتی ہے۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments