سرینگر/سرینگر کے کرن نگر علاقے میں ہفتے کی دیر رات ایک تین منزلہ رہائشی و تجارتی عمارت میں زبردست آگ لگ گئی، جس پر اتوار کی صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے قابو پا لیا گیا، تاہم عمارت میں کولنگ آپریشن جاری رہا۔
حکام کے مطابق آگ میر سیلز کارپوریشن نامی کمبل فروخت کرنے والے یونٹ کی عمارت میں لگی، جو کرن نگر میں میڈی کیئر اسپتال کے بالمقابل واقع ہے۔ آگ کے پیش نظر احتیاطی اقدام کے طور پر قریبی اسپتال سے مریضوں کو بحفاظت باہر نکالا گیا۔حکام نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے 12 فائر اسٹیشنوں سے تقریباً 20 فائر ٹینڈرز تعینات کیے گئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ آگ بجھانے کی کارروائی میں برونٹو اسکائی لفٹس، فوم ٹینڈرز، فائر کین، ایمرجنسی رسپانس ٹیموں (ای آر ٹی) اور ایڈوانسڈ ریسکیو ٹیموں (اے آر ٹی) نے حصہ لیا۔
حکام کے مطابق عمارت کے اندر بڑی مقدار میں روئی اور دیگر آتش گیر سامان موجود ہونے کے باعث آگ بجھانے کے بعد بھی کولنگ آپریشن جاری رکھا گیا۔
دریں اثنا، سوشل میڈیا پر سرینگر پولیس اہلکاروں کی ویڈیوز سامنے آئیں، جن میں انہیں میڈی کیئر اسپتال سے مریضوں کو نکالنے میں مدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کی فوری کارروائی کو سراہا گیا۔
حکام نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ اور املاک کو پہنچنے والے نقصان کا ابھی تک تعین نہیں کیا جا سکا ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ادھر آئی جی پی کشمیر نے آگ بجھانے والی ٹیموں کی مدد کرنے پر سرینگر پولیس کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع پولیس سرینگر نے کرن نگر کے میڈی سٹی اسپتال میں آگ پر قابو پانے کے لیے فائر فائٹنگ ٹیموں کو بھرپور تعاون فراہم کیا۔آئی جی پی نے کارروائی میں شامل تمام اہلکاروں کے درمیان بہتر تال میل، فوری ردعمل اور قابلِ ستائش کوششوں کو بھی سراہا۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments