English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایم کیو ایم کو نکالے بغیر شہر کے حالات اچھے نہیں ہوسکتے ٗ مصطفی کمال

کراچی والوں کے پاس پی ایس پی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے ٗ مہاجروں سمیت تمام قومیتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں
پارٹی جھنڈوں کی وجہ سے اس شہر میں لوگوں کو مرتے دیکھا ہے ٗ پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ کا تاجروں سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہم نے اس شہر میں پارٹی کے جھنڈوں کی وجہ سے نوجوانوں کو مرتے ہوئے دیکھا ہے، اس لیے ہم نے پارٹی کا جھنڈا لہرانے کے بجائے قومی پرچم اٹھایا، لوگوں کے دلوں کو جوڑنا سیاسی جماعتوں کا کام ہے، ہم نے صرف مہاجروں کے لیے ہی نہیں بلکہ کراچی میں بسنے والے ہر شہری کے لیے پانی مانگا ہے اب ہمیں اس کو دوبارہ آگ میں نہیں دھکیلنا، ہم نے بددعائیں لینے کے لیے کام شروع نہیں کیا، اس شہر کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈر مہاجر ہیں وہ ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں، ہم مہاجروں کے مزید دشمن نہیں بنانا چاہتے، ہمارا مشن و مقصد شہر سمیت پورے پاکستان کی ترقی ہے۔ پی ایس پی کے علاوہ کراچی والوں کے پاس کوئی آپشن نہیں ہے، مہاجروں سمیت تمام قومیتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پی ایس پی کے تحت ’’پاکستان کا ترقی کی جانب سفر‘‘ کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس سے ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ، ممتاز تاجر رہنما عتیق میر، معروف صنعتکار عبدالحسیب نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر پی ایس پی کے صدر انیس قائم خانی، سیکرٹری جنرل رضا ہارون، سینئر وائس چیئرمین انیس ایڈوکیٹ، ڈاکٹر صغیر احمد اور وسیم آفتاب بھی موجود تھے۔ مصطفی کمال نے کہاکہ اس شہر سے ایم کیو ایم کو نکالے بغیر حالات بہتر نہیں ہو سکتے، یہ لوگ 2018ء کے الیکشن میں کس بنیاد پر ووٹ مانگیں گے۔ تاجر رہنما عتیق میر نے کہاکہ جب بھی شہر کی ترقی کی بات ہوتی ہے تو مصطفی کمال کا ذکر ضرور ہوتا ہے، مصطفی کمال ایک قدم آگے آئیں بزنس کمیونٹی آپ کے ساتھ کھڑی ہوگی آپ شہر کے ہیرو ہیں، یہ شہر مسائل کا گڑھ بن گیا ہے، سندھ حکومت نہ وفاقی حکومت کراچی والوں کی بات سننے کو تیار، لیکن ہم مصطفی کمال کے ساتھ کھڑے ہیں جس دن آپ نے شہر کے حقوق کی آواز اٹھائی میں سب سے پہلے آپ کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔ عبدالحسیب خان نے کہاکہ پوری تاجر برادری پی ایس پی کے ساتھ کھڑی ہے کراچی کے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔ رفیق جدون نے کہاکہ اختیارات کے حصول کی جنگ میں ہم مصطفی کمال کا ساتھ ضرور دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے