English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بلاول بھٹو کا شہباز اور عمران خان کو کراچی سے الیکشن لڑنے کا چیلنج

القمر

کراچی میں ممبرسازی مہم کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا عوام کو مجھے کیوں نکالا سے کوئی غرض نہیں ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو عوامی مسائل حل کر سکتی ہے، جس کی وجہ یہ ہے کہ پیپلزپارٹی عدالت اور پارلیمنٹ کے بجائے ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے میوگیٹ اسکینڈل کو جھوٹا کیس قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پاناما کیس سے توجہ ہٹانے کیلئے نواز شریف میمو گیٹ اسکینڈل کو زندہ کر رہے ہیں۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا عمران خان اورشہبازشریف آئیں اور کراچی سے الیکشن لڑیں، کراچی کے عوام دونوں کو عبرتناک شکست دیں گے کیونکہ عمران نے کے پی کے میں کچھ نہیں کیا جبکہ شہباز شریف کو سانحہ ماڈل ٹاؤن ، ملتان میٹرو اور آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا حساب دینا ہے۔

گزشتہ روز بلاول ہاؤس کراچی میں پی پی اراکین اسمبلی اور صوبائی وزرا کیلئے دیئے گئے عشائیے سے خطاب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عوام کو مجھے کیوں نکالا سے کوئی غرض نہیں۔عوام کا مسئلہ بیروزگاری، غربت اور دہشتگردی ہےجس کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہی موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان طالبان کی اوقاف فنڈ سے مدد کررہے ہیں جو کے پی کے میں دہشتگردی کا سبب بنےگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ وزیراعظم، وزیر خارجہ اور وزرائے اعلیٰ پیپلز پارٹی سے ہوں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پارٹی قائدین، رہنما اور کارکنان اگلے الیکشن کیلئے بھرپور تیاری کریں اور پارٹی کا پیغام ملک کے کونے کونے تک پہنچائیں۔

تقریب میں فریال تالپور، آصفہ بھٹو، بختاور بھٹو، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور اسپیکر سندھ اسمبلی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے