English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کشمیر کے معاملے پر پوری فنکار برادری ایک ہے‘ توقیر ناصر

القمر

فنی صلاحیتیں خداداد ہوتی ہیں‘ پی ٹی وی سینئر اداکاروں کی بہبود کیلئے فنڈ قائم کرے
نیو پورٹس انسٹیٹیوٹ کے دورے کے موقع پر اسٹوڈنٹس سے بات چیت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی ٹیلی ویژن کے لیجنڈ اداکار اور سابق چیئرمین الحمرا آرٹس کونسل لاہور توقیر ناصر نے کہا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر پوری فنکار برادری ایک ہے اور کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے حکومت پاکستان اور افواج پاکستان کے فیصلوں کی تائید کرتی ہے کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم پر مسلم ممالک کی خاموشی افسوسناک ہے ۔ وہ گذشتہ روز نیوپورٹس انسٹیٹیوٹ میں طلباء، میڈیا اور فیکلٹی ممبران سے پروگرام ’’میٹ دی اسٹار‘‘ میں خطاب کررہے تھے۔ توقیر ناصر نے کہا کہ آج کا ڈرامہ کمرشل ہے جبکہ ماضی میں ٹیلی ویژن ڈراموں کے باعث شادی بیاہ کی تقاریب میں شریک مہمان تاخیر کا شکار ہوجاتے تھے ڈراموں میں مقصدیت اور معاشرے کی اصلاح کے لئے پیغام ہوتا تھا۔ سوالات کے جواب میں توقیر ناصر نے کہا کہ فنی صلاحیت خداداد ہوتی ہے البتہ اکیڈمی اور مسلسل کام گروم کرتا ہے، پی ٹی وی سمیت ملک میں 100 سے زائد میڈیا ہائوسز ہیں جو فنکاروں کی تربیت کیلئے اکیڈمیاں قائم کرسکتے ہیں، پی ٹی وی نے فنکاروں، کہانی نویسوں، ہدایت کاروں کے ساتھ ظلم کیا ہے، پی ٹی وی خود تو ترقی کرتا رہا جبکہ سینئر فنکار و دیگر زبوں حالی کا شکار رہے، پی ٹی وی کی ذمہ داری تھی کہ وہ سینئر فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے بھی فنڈ مختص کرتا۔ توقیر ناصر نے کہا کہ آج کی نوجوان نسل اپنے بزرگوں کے ساتھ دن میں ایک گھنٹہ ضرور گزارے، ماضی میں نانیاں، دادیاں بچوںکو کہانی سنایا کرتی تھیں اب ایسا نہیں ہوتا ہے۔ توقیر ناصر نے کہا کہ میں وحید مراد کی اداکاری سے بہت متاثر تھا انھیں دیکھ کر اداکاری کا شوق ہوا تھا، گھر میں مخالفت کا سامنا کرنا پڑا مگر والد سے وعدہ کیا کہ اداکاری کاشوق تعلیم میں حائل نہیں ہوگا، میں نے فرسٹ ڈویژن میں ماس کمیونیکیشن میں ماسٹر کیا۔ تعلیم کے ساتھ گھریلو تربیت انسان کی شخصیت کو نمایاں کرتی ہے، اس سے قبل ماہ نور علی اور اطہر جاوید صوفی ، نادر رئیس نے توقیر کا استقبالیہ کلمات سے خیرمقدم کیا، توقیر ناصر کے 40 سالہ فنی سفر کی کامیابی پر کیک بھی کاٹا گیا، نیوپورٹس کی جانب سے یادگاری شیلڈ اور اجرک کا تحفہ زیرک ہما، منور حسین، خادم حسین اور اسلام الدین نے پیش کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے