این سی ایم ایل اے جاوید اقبال چودھری کی نائب وزیر اعلیٰ پر سخت تنقید، ’’غنڈہ‘‘ قرار دے دیا

سری نگر/حکمران جماعت نیشنل کانفرنس کے اندرونی اختلافات ایک بار پھر کھل کر سامنے آگئے ہیں، جہاں بدھل کے ایم ایل اے جاوید اقبال چودھرری نے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری کو ’’غنڈہ‘‘ قرار دیتے ہوئے ان پر سخت تنقید کی ہے۔جاوید اقبال چوہدری نے یہ تبصرہ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے جواب میں کیا، جس میں راجوری میں ڈپٹی وزیر اعلیٰ کی تقریب میں ان کی عدم موجودگی کا ذکر کیا گیا تھا۔
ممبر اسمبلی جاوید اقبال نے اپنے تبصرے میں لکھا، ’’نائب وزیر اعلیٰ ایک غنڈہ ہیں اور وہ میری موجودگی کے مستحق نہیں ہیں۔ میری عزتِ نفس اور اپنے لوگوں کے مفادات میرے لیے سب سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔‘‘
ان کے اس بیان نے نیشنل کانفرنس کے اندر بڑھتی ہوئی خلیج کو ایک بار پھر نمایاں کردیا ہے، خاص طور پر پیر پنجال خطے سے تعلق رکھنے والے اراکینِ اسمبلی اور نائب وزیراعلیٰ کے درمیان اختلافات مسلسل سامنے آتے رہے ہیں۔ ان اراکین نے متعدد مرتبہ نائب وزیر اعلیٰ پر اپنے حلقوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔
واضح رہے کہ 3 جون کو پیر پنجال خطے کے اراکینِ اسمبلی نے داچھ گام میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی موجودگی میں نائب وزیر اعلیٰ کو محکمہ تعمیراتِ عامہ (آر اینڈ بی) کی کارکردگی کے معاملے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔اس کے علاوہ، پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو پیش کردہ ایک یادداشت میں اختلافات رکھنے والے اراکینِ اسمبلی کے گروپ نے نائب وزیر اعلیٰ سے محکمہ تعمیراتِ عامہ کا قلمدان واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں