ایلون مسک کی کمپنی ’اسپیس ایکس‘ کے اسٹار شپ نے خلا سے واپسی پر پہلی بار فضا ہی میں پکڑے جانے کا تاریخی مظاہرہ مکمل کر کے سائنس کی دنیا میں ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اسپیس ایکس کے اسٹار شپ (Starship) نے ہفتے کے روز زمین پر واپسی کا کامیاب مرحلہ مکمل کیا۔ اسے فضا ہی میں دیوہیکل مکینیکل بازوؤں کی مدد سے تھام لیا گیا، عین اسی مقام پر جہاں سے 22 گھنٹے پہلے اس کا سفر شروع ہوا تھا۔
یہ خلائی مشن میں ایلون مسک کی کمپنی’’اسپیس ایکس‘‘ کا ایک اور تاریخی سنگ میل ہے، جس میں خلائی جہاز کو فضا میں تھامنے کا تاریخی کارنامہ انجام دیا گیا ہے، اسٹار شپ کو لانچ ٹاور کے دیوہیکل مکینیکل بازوؤں نے کامیابی سے تھام لیا، یعنی خلائی جہاز مدار سے واپسی پر بہ حفاظت زمین پر اترنے میں کامیاب رہا۔
تاریخ میں یہ پہلی بار ہے کہ راکٹ کا بالائی حصہ مدار سے زمین پر واپس آ کر بہ حفاظت اترا ہے، ایلون مسک اور ان کی ٹیم کو اس شان دار اختتام کی ٹیم کو امید تھی۔ تاہم جمعہ کو ٹیکساس سے پرواز کے کچھ ہی دیر بعد پہلے مرحلے کا بوسٹر دھماکے سے تباہ ہو گیا تھا، جس کے باعث کمپنی دونوں حصوں کو کامیابی سے پکڑنے کا اپنا ہدف حاصل نہیں کر سکی۔
بوسٹر کا ملبہ خلیجِ میکسیکو میں موجود رہا، جس کے گرد حفاظتی حصار لگا کر علاقے کو محفوظ کر دیا گیا ہے، جب کہ گولی جیسی نوکیلی ساخت اور اسٹین لیس اسٹیل سے بنے خلائی جہاز نے لانچ پیڈ پر عمودی حالت میں خود کو کامیابی سے نیچے اتارا۔
اسٹار شپ کی اس واپسی کا ڈرامائی منظر بلا شبہ سائنس فکشن فلموں جیسا تھا، جس نے بوسٹر کی جزوی ناکامی کا دکھ بھی مٹا دیا ہے۔
اسپیس ایکس کے حکام کے مطابق اسٹار شپ کی سلامت واپسی کا مطلب یہ ہے کہ اب اس خلائی جہاز کو مکمل طور پر دوبارہ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، چناں چہ اب اسے چاند اور مریخ کے سفر کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ جمعہ کو اگرچہ بوسٹر کی بازیابی ناکام رہی تھی، لیکن کمپنی اس سے پہلے بوسٹر کو 3 مرتبہ کامیابی سے پکڑنے کا تجربہ کر چکی ہے، جس سے اس تکنیک کی افادیت ثابت ہوئی ہے۔
خلائی ادارہ ناسا نے بھی ہفتے کے روز اس کامیابی کا خیر مقدم کیا۔ ناسا اسٹار شپ کو چاند پر آرٹیمس مشن کے خلاباز اتارنے اور وہاں مستقل قمری اڈے کی تعمیر میں مدد کے لیے اربوں ڈالر ادا کر رہا ہے۔ ہدف کے مطابق یہ منصوبہ 2030 تک پورا کیا جائے گا، لیکن ایلون مسک کے عزائم اس سے بھی کہیں بڑے ہیں۔ وہ اسٹار شپ خلائی جہازوں کا ایک پورا بیڑا مریخ بھیج کر وہاں ایک شہر آباد کرنا چاہتے ہیں۔
اسٹارشپ کی حالیہ پرواز
دنیا کا سب سے بڑا اور طاقت ور راکٹ، جس کی لمبائی 407 فٹ (124 میٹر) ہے، جمعے کی سہ پہر دیر گئے امریکا اور میکسیکو کی سرحد کے قریب واقع اسپیس ایکس کے اسٹار شپ مرکز سے روانہ ہوا تھا۔
ابتدائی مرحلے میں راکٹ کا بالائی خلائی جہاز اپنے بوسٹر سے کامیابی سے الگ ہو گیا، تاہم بعد میں صورتِ حال خراب ہو گئی۔ بالائی خلائی جہاز مدار میں پہنچا اور اس نے 26 جدید اسٹارلنک سیٹلائٹس بھی چھوڑے۔
اسٹار شپ نے زمین سے تقریباً 165 میل (265 کلومیٹر) کی بلندی پر دنیا کے گرد چکر لگانا جاری رکھا۔ اسٹارلنک کے ذریعے خلائی جہاز اور زمین کے براہِ راست مناظر بھی نشر کیے جاتے رہے۔ اس خلائی جہاز نے زمین کے گرد 14 چکر مکمل کیے، جب کہ اس سے پہلے کے مشن میں صرف ایک سے دو چکر لگائے گئے تھے۔
2023 سے اب تک مکمل جسامت کے اسٹار شپ کی یہ 15 ویں پرواز تھی اور مدار تک پہنچنے کا اس کا صرف دوسرا مشن تھا۔ اسپیس ایکس کے مطابق خلائی جہاز کے تمام نظام، بشمول اس کی انتہائی اہم حرارتی حفاظتی ڈھال (ہِیٹ شیلڈ) بظاہر درست طریقے سے کام کرتے رہے۔
جہاں تک بوسٹر کا تعلق ہے، اسپیس ایکس کی کیٹ ٹائس نے بتایا کہ زمین کی طرف واپسی کے دوران اس کے انجن مقررہ وقت سے پہلے بند ہو گئے۔ بوسٹر کے رہنمائی نظام نے محسوس کیا کہ وہ درست پوزیشن میں نہیں ہے، چناں چہ اس نے خودکار طور پر سمندر کی طرف رخ موڑنے اور خود کو تباہ کرنے کا عمل شروع کر دیا۔ انجینئرز اب بھی اس خرابی کی وجہ معلوم کرنے میں مصروف ہیں۔
اسپیس ایکس کو توقع ہے کہ آئندہ چند ماہ میں فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے اسٹار شپ کی پروازیں شروع کر دی جائیں گی۔ یہی وہ مقام ہے جہاں سے ناسا کا اگلا آرٹیمس مشن روانہ ہوگا۔ اس مشن میں چاند پر اترنے کی بہ جائے خلائی جہاز زمین کے مدار میں رہے گا اور وہاں قمری لینڈر کے استعمال کی مشق کی جائے گی۔
آرٹیمس سوم (Artemis III) کے چار خلاباز اپنے خلائی کیپسول کو نہ صرف اسٹار شپ بلکہ بلیو اوریجن کے ’بلیو مون‘ خلائی جہاز کے ساتھ بھی جوڑنے کی کوشش کریں گے۔ دونوں کمپنیاں باری باری خلابازوں کو چاند کی سطح پر پہنچانے کی ذمہ داری انجام دیں گی۔
ناسا کا ہدف ہے کہ آرٹیمس چہارم کے تحت 2028 میں، یا اس سے پہلے، انسانوں کو دوبارہ چاند پر اتارا جائے۔ اپالو پروگرام کے نصف صدی سے بھی زیادہ عرصہ قبل اختتام کے بعد یہ انسانوں کی چاند پر پہلی واپسی ہوگی۔