بارہمولہ کے پٹن علاقے میں جامع مسجد میں آتشزدگی، چار افراد زخمی

بارہمولہ/شمالی ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقے میں واقع ہمرے کی جامع مسجد میں اتوار کو آگ لگنے کے نتیجے میں کم از کم چار افراد زخمی ہو گئے، جبکہ آتشزدگی کے باعث مسجد کو بھی نقصان پہنچا۔ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ جامع مسجد میں آگ لگنے کے فوراً بعد فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اور فوج نے کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا، جس کے باعث آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس واقعے میں چار مقامی افراد زخمی ہوئے، جنہیں ابتدائی طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم بعد میں بہتر علاج کے لیے سرینگر کے اسپتالوں میں ریفر کر دیا گیا۔
زخمیوں کی شناخت ارشاد احمد ولد عبدالراشد بٹ، محمد الطاف ولد احسن پنڈت، منظور احمد میر اور محمد اشرف میر کے طور پر ہوئی ہے۔ چاروں کا تعلق سالوسہ، کریری سے بتایا گیا ہے۔ادھر حکام نے بتایا کہ آتشزدگی کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں