English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جگر کے عارضے میں مبتلا اداکار عابد علی کو ڈاکٹروں نے جواب دیدیا

القمر

عابد علی کی بیٹیوں اور فنکاروں نے ان کی صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل کردی
کراچی( کلچرل رپورٹر) جگر کے عارضے میں مبتلا اداکار عابد علی کو ڈاکٹروں نے جواب دے دیا۔ عابد علی کی بیٹیوں اور فنکاروں نے ان کی صحت یابی کیلئے قوم سے دعائوں کی اپیل کردی۔ عابد علی کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ پاکستان ٹیلی ویژن سے اپنی ایک منفرد پہچان بنانے والے اداکار عابد علی کی حالت تشویشناک ہے‘ عابد علی کو جگر کے عارضے کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ اداکار عابد علی کے اہل خانہ نے مداحوں سے دعائوں کی درخواست کردی ہے۔ ان کی بیٹی راحمہ علی کے سوشل میڈیا اسٹیٹس کے مطابق عابد علی کی بیماری بڑھتی چلی جارہی ہے۔ ڈاکٹروں نے بھی امید چھوڑ دی ہے جبکہ ملاقات پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔ پاکستانی ٹی وی انڈسٹری کے تجربہ کار اداکار طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے نجی اسپتال کے آئی سی یو میں منتقل ہوئے تو فنکاروں نے ان کی صحت یابی کیلئے دعائوں کی اپیل کردی۔ واضح رہے کہ ٹیلی ویژن نگری میں شہرت کی بلندی کو چھونے والے صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار عابد علی1952 میں کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔ ان کی عمر67 برس ہے۔ ان کی تین بیٹیاں ہیں جبکہ عابد علی نے دو شادیاں کی ہیں۔ ان کی پہلی اہلیہ حمیرا علی اور دوسری اہلیہ رابعہ نورین ہیں‘ دونوں بیویوں کا تعلق بھی شوبز سے ہے۔ عابد علی جگر کے عارضے یرقان سمیت جگر کے کینسر سے بھی جنگ لڑرہے ہیں۔ ڈرامہ وارث سے ان کی شہرت میں زبردست اضافہ ہوا۔ 67 سالہ عابد علی نے اپنے کیریرء میں پی ٹی وی اور نجی چینلز کے درجنوں مشہور ڈراموں میں کام کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے