English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسلام آباد میں ڈینگی کے 2777 کیسز رپورٹ

القمر

اسلام آباد:قومی ادارہ صحت ( این ایچ ایس) کی رپورٹ کے مطابق رواں برس وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے 2777 کیسز سامنے آئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے 7 رہائشی افراد ڈینگی کے باعث جاں بحق ہوئے جبکہ ملک بھر میں اب تک ڈینگی کے 16 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ وزارت صحت پُرامید ہے کہ درجہ حرارت میں کمی سے کیسز میں کمی آئے گی لیکن کوشش کی جارہی ہے کہ ہر مریض کو ہسپتال میں بستر کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

سیکریٹری این ایچ ایس ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے ڈان کو بتایا کہ مریضوں کو بستر کی دستیابی کے لیے نجی ہسپتالوں میں ایک ہزار بستر خالی کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ صحت سہولت پروگرام کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ڈاکٹر فیصل رفیق کو نجی ہسپتالوں سے تعاون کے لیے مقرر کیا گیا ہے جن میں ترامری روڈ پر ایچ بی ایس جنرل ہسپتال، بھارہ کہو میں اکبر نیازی ہسپتال، فراش ٹاؤن میں النفیس ہسپتال، لہترار روڈ پر ڈاکٹر صدف اسپیشلسٹس ہسپتال اور العین ہسپتال شامل ہیں۔

سیکریٹری این ایچ ایس نے مزید کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں ڈینگی کی وبا پر قابو پانے کے لیے تمام کوششیں کی جارہی ہیں اور اس سلسلے میں تمام وسائل کا استعمال کیا جارہا ہے۔

انہوں نے اعلیٰ سیاسی اور پیشہ ورانہ سطحوں پر اس حوالے سے مکمل تعاون موجود ہے، محکمہ صحت کے ضلعی دفتر میں ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو ڈینگی کا کیس رجسٹر ہونے پر تمام ضروری وسائل مہیا کرے گی۔

ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے کہا کہ اس حوالے سے ایک ریپڈ رسپونس ڈینگی کنٹرول اور آپریشن ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ اسلام آباد کے تمام 5 ہسپتالوں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ریہیبلیشن میڈیسن ، فیڈرل جنرل ہسپتال اور کیپٹل ہسپتال میں ہائی الرٹ ہے‘۔

سیکریٹری این ایچ ایس نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ کو روزانہ کی بنیادوں پر اس حوالے سے منعققد اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے تاکہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے کوششوں کو مضبوط کیا جاسکے، جو اس وقت قابو میں ہے او ر آئندہ ہفتے درجہ حرات میں کمی سے ڈینگی میں کمی کا امکان ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی پر غور کرنے کے بعد یہ اندازہ ہے کہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ہونے پر ڈینگی کے کیسز میں کمی آنا شروع ہوجائے گی۔

علاوہ ازیں ڈینگی کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے نافذ دفعہ 144 کے تحت 38 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

محکمہ صحت کی ہدایات کے مطابق شہری اس بات کو یقینی بنائیں کہ گھروں اور دکانوں میں پانی کھڑا نہ ہو کیونکہ ڈینگی کے مچھر ٹھہرے ہوئے صاف پانی میں پیدا ہوتے ہیں۔

پولیس نے پانی کھڑا ہونے کے باعث ٹائر شاپس، ویئر ہاؤسز اور سروس اسٹیشنز کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں۔

راولپنڈی میں ڈینگی سے مزید افراد جاں بحق

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 2 روز میں راولپنڈی میں ڈینگی کے شکار مزید 3 افراد جاں بحق جبکہ شہر کے 3 سرکاری ہسپتالوں میں 828 مریض ڈینگی کے شبے میں داخل ہوئے ہیں۔

حکومتِ پنجاب انسداد ڈینگی مہم کی نگرانی کررہی ہے تاہم اب تک روالپنڈی کے 3 ہسپتالوں میں 631 افراد میں ڈینگی کی تصدیق کی گئی ہے۔

ہولی فیملی ہسپتال میں گزشتہ روز 384، بینظیر بھٹو ہسپتال میں 287 اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال میں 157 مریض آئے۔

علاوہ ازیں بینظیر بھٹو ہسپتال اور ہولی فیملی ہسپتال کے ڈینگی وارڈز میں زیرِ علاج17 سالہ حسنین جان، 46 سالہ محمد صغیر، 65 سالہ ثریا بی بی،64 سالہ امجد طارق اور 26 سالہ آمنہ بی بی انتقال کرگئیں۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی رپورٹ لاہور میں ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ( ڈی ای اے جی) کو ارسال کردی گئی ہے کیونکہ مریضوں کو دیگر بیماریوں کا سامنا بھی تھا۔

انہوں نے کہا کہ ڈی ای اے جی مریضوں کی میڈیکل ہسٹری کا جائزہ لے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے