اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں ییلو ریپڈ بس سروس منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق مشیرخزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ایکنک) کااجلاس ہوا، اجلاس میں ایکنک نے597 ارب روپے سے زائد مالیت کے7منصوبوں کی منظوری دی، جس میں کراچی میں ییلو ریپڈ بس منصوبہ بھی شامل ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کراچی میں ییلو بس ٹرانزٹ منصوبے پر 47 ارب 55 کروڑ روپے کی لاگت آئےگی اور منصوبے پر سرمایہ کاری ورلڈ بینک کرےگا، منصوبے کے تحت لانڈھی اور نمائش کے درمیان 21 کلومیٹر سڑک تعمیر کی جائے گی اور اس کے 28 اسٹیشنز ہوں گے جن پر 268 بسوں کی سہولت ہوگی، اور اس منصوبے سے 3 لاکھ شہری روزانہ فائدہ اٹھائیں گے۔
اجلاس میں گوادر میں گوادرپورٹ کےمشرقی کنارے پر4 رویہ ایکسپریس وے تعمیرکرنےکی بھی منظوری دی گئی، 19کلو میٹر طویل ایکسپریس وے پر17 ارب 37کروڑروپے کی لاگت آئے گی، ایکسپریس وے کو مستقبل میں 6 رویہ کرنےکی گنجائش بھی رکھی جائے گی، اور یہ منصوبہ مکمل ہونے سے گوادر پورٹ مکران کوسٹل ہائی وے سے لنک ہوجائےگی، منصوبے کے تحت ایکسپریس وے پر ایک انٹرچینج اور 4 پل بنائےجائیں گے، ایکسپریس وے پر پیدل چلنے والوں کے لیے بھی 4 مقامات پر پل تعمیر کیے جائیں گے۔
ایکنک نے لاہور میں نکاسی آب اور بی آر ڈی بی نہر کا پانی صاف کرنے کے لیے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کی بھی منظوری دی، پانی کی صفائی کے اس منصوبے پر 21 ارب ایک کروڑ روپے لاگت آئے گی، منصوبے سے شادی پورہ، باغبان پورہ، فتح گڑھ اور مصطفیٰ آباد کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا جا سکے گا۔
ایکنک نے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے بھی مزید 511 ارب روپے منظور کر لیے، کرتار پور راہداری کے منصوبے کے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی، پشاورطورخم کےمنصوبے کے لئے بھی 36 ارب روپے منظور کئے گئے۔
