اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپنی ڈوبتی سیاست بچا رہے ہیں، وہ مدارس اصلاحات پر ذیادہ پریشان ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی و پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے موجودہ معاشی صورتحال اور معیشت کی بحالی کے لیے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان اور اپوزیشن کے احتجاج پر بھی بات چیت کی گئی، اراکین اجلاس کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اب 27 کی تاریخ نہ بدلیں اور اسلام آباد آ جائیں۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اپنی ڈوبتی سیاست بچا رہے ہیں، وہ مدارس اصلاحات پر ذیادہ پریشان ہیں، مدارس میں اصلاحات سے طلباء ایسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہو سکیں گے۔
قبل ازیں وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داوٴد، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز اسٹیل ملزعامر ممتاز اور وزیر نجکاری میاں محمد سومرو نے شرکت کی، اجلاس میں اسٹیل ملز کی بحالی سے متعلق کی جانے والی کوششوں اور مختلف امور پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسٹیل ملز کی بحالی کے حوالے سے چین اور روس کی کمپنیوں نے اظہار دلچسپی کیا ہے، اور اس حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا جارہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سرکاری خزانے پر بوجھ بننے والے اس ادارے کی بحالی کو ماضی کی حکومتوں کی جانب سے فراموش کیا جانا قوم پر ظلم کے مترادف ہے، پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حکومت کی ہر ممکنہ کوشش ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کو بحال کرکے اسے منافع بخش ادارہ بنایا جائے، جس سے سرکاری خزانے پر ہر ماہ پڑنے والے بوجھ ختم ہوگا وہیں ادارے کو اتنا فعال بنایا جائے گا کہ وہ ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔
