براق پیٹرول پمپ کے قریب ہونے والے حادثے میں خاتون سمیت دو افراد زخمی بھی ہوئے، مرنے اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق محمود آباد سے ہے
جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال پہنچادیا گیا، تمام افراد سیر و تفریح کے بعد واپس آتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئے
کراچی( کرائم رپورٹر) آج صبح سپر ہائی وے پر کار اور ٹرالر کے درمیان خوفناک تصادم‘2 افراد جاں بحق‘ خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے‘ ہلاک و زخمیوں کا تعلق محمود آباد سے بتایا جاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے الحبیب ریسٹورنٹ براق پیٹرول پمپ کے قریب تیز رفتار ٹرالر اور کرولا کار نمبرAFP-167 کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کار سوار2 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ خاتون سمیت2 افرا د زخمی ہوگئے اطلاع ملنے پر ہلاک و زخمیوں کو فوری طور پر ایدھی ایمبولینس کے زریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت 35 سالہ رائو راشد ولد رائو مہتاب اور28 سالہ عامر ملک ولد ذاکر ملک کے ناموں سے کی گئی جبکہ زخمیوں میں30 سالہ مرتضیٰ ولد مختیار حسین اور25 سالہ کرن زوجہ مختیار حسین کے ناموں سے کی گئی متوفین اور زخمی افراد کاتعلق محمود آباد سے بتایا جاتا ہے۔ حادثے کا شکار بدقسمت خاندان سیر و تفریح کے بعد واپس آرہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے جبکہ متوفین کی لاشیں محمود آباد پہنچتے ہی کہرام مچ گیا۔

