
برطانیہ کا شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن پانچ روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہیں۔
اپنے دورے کے پہلے روز شاہی جوڑا اسلام آباد میں مختلف سماجی سرگرمیوں میں حصہ لے رہا ہے۔
ایک سکول کے دورے پر انھوں نے اساتذہ اور بچوں سے ملاقاتیں کیں۔

اسی سلسلے میں بی بی سی کو موصول ہونے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہزادی کیٹ نے پاکستان کی روایتی شلوار قمیض زیب تن کی ہوئی ہے جبکہ شہزادہ ولیم پینٹ شرٹ میں ہیں۔
شاہی جوڑے کی آمد پر سکول کے باہر انھیں ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے سلوٹ کیا۔
برطانوی ہائی کمیشن نے مقامی میڈیا کو منظم رہنے کی ہدایت کی ہے۔

شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن پاکستان کے پانچ روزہ کے لیے پہنچ گئے ہیں
پاکستان آمد
شاہی جوڑا پیر کی شب پاکستان پہنچا تھا اور راولپنڈی کے نور خان ائیر بیس پر ان کا استقبال کیا گیا تھا۔
شاہی جوڑے کو خیر مقدم کرنے کے لیے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کی اہلیہ موجود تھے اور جہاز سے اترنے پر شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے۔
واضح رہے کہ یہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کا پہلا دورہ پاکستان ہے تاہم برطانوی شاہی خاندان کے دیگر افراد ماضی میں پاکستان آچکے ہیں۔
سنہ 2006 میں شہزادہ ولیم کے والد شہزادہ چارلس نے اپنی اہلیہ، ڈچس آف کارن وال کامیلا پارکر کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا تھا جبک ان کی والدہ’پرنسز آف ویلز شہزادی ڈیانا نےسنہ 1991، 1996 اور 1997 میں پاکستان کے دورے کیے تھے۔
ڈیوک اور ڈچز آف کیمبرج اپنے پاکستان کے پہلے شاہی دورے پر اسلام آباد تشریف لا چکے ہیں۔#RoyalVisitPakistan pic.twitter.com/Spm2tYbZEA
— Kensington Palace (@KensingtonRoyal) October 14, 2019
اس پانچ روزہ دورے میں شاہی جوڑا اسلام آباد کے علاوہ لاہور اور شمالی علاقہ جات کا سفر کرے گا اور ان کی برطانیہ واپس روانگی 18 اکتوبر کو ہوگی۔
شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کی آمد کے موقع پر شاہی محل کنسنگٹن پیلیس کی جانب سے ٹویٹ کی گئی اور اس توقع کا اظہار کیا گیا کہ اس دورے کی مدد سے پاکستان اور برطانیہ کے تاریخی تعلقات کو اجاگر کیا جائے گا۔
The Duke and Duchess’s first official visit to the country will pay respect to the historical relationship between Britain and Pakistan, but will largely focus on showcasing Pakistan as it is today — a dynamic, aspirational and forward-looking nation https://t.co/jipKLc10Di
— Kensington Palace (@KensingtonRoyal) October 14, 2019
شاہی جوڑے کی آمد پر پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ اس دورے سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت اور پرامن چہرہ ابھر کر سامنے آئے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہ دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور اس کی مدد سے برطانیہ اور پاکستان کے مابین دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔
شاہی جوڑے کا خیر مقدم کرنے کے لیے انھیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے
یاد رہے کہ برطانوی شاہی جوڑے کے دورے سے متعلق رواں برس جون میں اعلان کیاگیا تھا اور گذشتہ ماہ دورے کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کیا گیا تھا۔
شاہی جوڑے کی آمد پر پاکستانی سوشل میڈیا پر اسی حوالے سے مختلف ٹرینڈز چل رہے تھے جن میں شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کو پاکستان خوش آمدید کیا گیا۔
