نواز شریف کو جان بچانے کی ادویات دی گئیں، 8 دن میں ان کا 7کلو وزن کم ہو گیا
میں نے آج تک کبھی نواز شریف کی اتنی تشویش ناک حالت نہیں دیکھی‘ عدالت میں بیان
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)ڈاکٹر عدنان کا اسلام آباد ہائی کورٹ کے روبرو کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی جان کو اسپتال میں ہونے کے باوجود خطرہ ہے، مجھے خدشہ ہے کہ نواز شریف کو کہیں کھو نہ دیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست پر سماعت جاری ہے۔نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، میڈیکل بورڈ نے آج نواز شریف کی مکمل باڈی کو اسکین کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو جان بچانے کی ادویات دی گئیں، 8 دن میں ان کا 7کلو وزن کم ہو گیا،میں نے آج تک کبھی نواز شریف کی اتنی تشویش ناک حالت نہیں دیکھی۔ڈاکٹر عدنان نے بتایا کہ نواز شریف کی عمر 70 سال ہے اور ان کو عارضۂ قلب بھی لاحق ہے، نوازشریف کی جان کو اسپتال میں ہونے کے باوجود خطرہ ہے، مجھے خدشہ ہے کہ نواز شریف کو کہیں ہم کھو نہ دیں۔سروسز اسپتال لاہورکے ایم ایس ڈاکٹر سلیم چیمہ نے عدالت کو بتایا کہ ایک بیماری کا علاج کرتے ہیں تو دوسری بیماری کھڑی ہوجاتی ہے، نواز شریف کی حالت اس وقت بھی خطرے میں ہے۔انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس بڑھانے کے لیے 5 دن کا کورس مکمل ہو گیا، اب نواز شریف کو قوتِ مدافعت بڑھانے اور ہڈیوں اور جوڑوں کے درد کے لیے انجکشن کا کورس شروع کرا دیا گیا ہے، نیفرولوجی کے ڈاکٹر نے بھی نواز شریف کا معائنہ کیا ہے۔ڈاکٹر سلیم چیمہ نے بتایا کہ سابق وزیرِ اعظم کے گردوں کا یوریا کرٹینین کا ٹیسٹ کیا گیا، جس کے بعد نواز شریف کو یوریا کرٹینین کے لیے ادویات بھی دی گئیں۔ان کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف کو گردے کی شکایت پہلے سے ہے، 5 دن تک اسٹیرائیڈز اور شوگر کی ادویات کے استعمال کے بعد گردوں کا معائنہ ضروری ہو گیا تھا۔ڈاکٹر سلیم چیمہ نے یہ بھی بتایا کہ میاں نواز شریف کا بیک وقت دل، گردوں، شوگر اور آئی ٹی پی کا علاج کیا جا رہا ہے، گزشتہ روز ان کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 28 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔

