ہول سیل گروسرز نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مدد مانگ لی، بھتہ خوروں کو لگام دینے کیلئے خصوصی فورس بنانے کا مطالبہ کردیا
بھتہ نہ دینے پر تاجروں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، انیس مجید
کراچی ( کامرس رپورٹر)کراچی کی مارکیٹوں میں بھتہ خور سرگرم، تاجروں میں خوف وہراس پھیل گیا کراچی ہول سیل گروسررنے وزیراعلیٰ سندھ سے مددمانگ لی بھتہ خوروں کو لگام دینے کے لیے خصوصی فورس تشکیل دینے کامطالبہ تفصیلات کے مطابق دالوں،چاول، چینی، مصالحہ جات،گندم ودیگر اجناس کے تھوک تاجر،درآمدکنندگان وبرآمدکنندگان کی نمائندہ کراچی ہول سیلز گروسرزایسوسی ایشن(کے ڈبلیو جی اے)کے سرپرست اعلیٰ انیس مجید، چیئرمین ملک ذوالفقار نے کراچی کی سب سے بڑی اناج منڈی ڈانڈیا بازار اور اطراف کی مارکیٹوں میں بھتہ خوری کے بڑھتے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ،آئی جی سندھ اور کراچی پولیس چیف سے فوری طور پر بھتہ خوروں کو لگام دینے کا مطالبہ کیا ہے۔کے ڈبلیو جی اے کے رہنماؤں نے ایک بیان میں کہا کہ کراچی میں ایک بارپھر بھتہ خور سرگرم ہوگئے ہیں جس سے تاجروں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔بھتہ خور بلا خوف و خطر تاجروں کو ہراساں کررہے ہیں اور بھتہ نہ دینے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ تاجروں کی جان و مال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے لہٰذا سندھ حکومت بھتہ خوروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے سازگار کاروباری ماحول فراہم کرے کیونکہ ملک میں جاری معاشی بحران اور کاروباری مندی کی وجہ سے کاروبار پہلے ہی تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے اور ان حالات میں بھتہ خوروں کا اچانک سرگرم ہونا معیشت کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہوگا۔

