مزید 54پیسے اضافے کیلئے پیداواری لاگت کا تفصیلی ڈیٹا2ہفتے میں طلب
فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک، لائف لائن اور زرعی صارفین پر نہیں ہوگا‘ نیپرا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)نے ستمبر کیلئے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 83 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی جبکہ مزید 54 پیسے فی یونٹ اضافے کیلئے این ٹی ڈی سی سے بجلی کی پیداواری (صفحہ5بقیہ نمبر19) لاگت کا تفصیلی ڈیٹا آئندہ دو ہفتوں میں طلب کرلیا۔ تاہم فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک، لائف لائن اور زرعی صارفین پر نہیں ہوگا۔ گزشتہ روز نیپرا ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی سربراہی میں ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 37 پیسے مہنگی کرنے کیلئے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے ) کی درخواست پر عوامی سماعت ہوئی۔ چیئرمین نیپرا نے کہا اتھارٹی نے فی الحال ایک روپے 83 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی ہے ، اگر اتھارٹی بجلی کی پیداواری لاگت کے متعلق این ٹی ڈی سی کے فراہم کردہ ڈیٹا سے مطمئن ہوئی تو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مزید 54 فیصد اضافے کی منظوری دے گی۔ دوران سماعت نیپرا نے استفسار کیا کہ ستمبر میں فرنس آئل سے مہنگے پاور پلانٹس کیوں چلائے گئے ؟ جس پر سی پی پی اے کے حکام نے بتایا کہ مہنگی بجلی پیدا نہ کرتے تو اضافی لوڈشیڈنگ کرنا پڑتی۔سی پی پی اے حکام نے مزید بتایا ستمبر میں بجلی کی پیداواری لاگت 5 روپے 21 پیسے اور ریفرنس فیول لاگت 2 روپے 84 پیسے فی یونٹ رہی۔ چیئرمین نیپرا نے کہا اگر میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو اتھارٹی متعلقہ حکا م کیخلاف کارروئی کرے گی۔فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں ایک روپے 83 پیسے اضافے سے صارفین پر 24 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا اور یہ اضافہ نومبر کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔

