شہر بھر میںپلاسٹک کی تھیلیوں کا دھڑا دھڑ استعمال جاری ‘شہری اب تک پابندی کے فیصلے سے لاعلم
چاروں ڈسٹرکٹ میں پلاسٹک کی تھیلیوں کو اسٹاک کرنے، سپلائی کرنے اورخرید و فروخت کا عمل جاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کا پلاسٹک کی تھیلیوں پر پابندی کا بیان دھرا رہ گیا، کراچی کے چاروں ڈسٹرکٹ میںپلاسٹک کی تھیلیوں کا دھڑا دھڑ استعمال جاری ہے، تاحال شہر بھر کے دکاندار اور پلاسٹک کی تھیلیوں سے وابستہ کاروبار کرنے والے اس فیصلے سے لاعلم ہیں۔ کراچی میں پلاسٹک کے تھیلوں کو اسٹاک کرنے، سپلائی کرنے اورخرید و فروخت کا خاتمہ ابھی مکمل طور پر ممکن نہیں ہوا ہے۔واضح رہے کہ سندھ حکومت نے پلاسٹک کی تھیلیوں پر مکمل پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا جس کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہواتھا۔ تاہم آگاہی مہم نہ ہونے کے باعث شہری اب تک اس بات سے لاعلم ہیں۔ محکمہ ماحولیات سندھ نے پلاسٹک کی تھیلیوں پر پابندی سے متعلق آگاہی مہم کے تحت شہریوں میں کپڑے کے تھیلے تقسیم بھی کئے تھے۔ اس حوالے سے خاص علاقوں یا ہوٹلوں میںپلاسٹک بیگز کا استعمال کچھ کم ضرور ہوا ہے لیکن پابندی کے خاطر خواہ نتائج ابھی سامنے نہیں آئے اور دور دراز علاقوں میں تو ایک عام آدمی کو پتہ ہی نہیں کہ کوئی پابندی بھی لگائی گئی ہے۔’پلاسٹک کے تھیلے اب باقاعدہ ایک کلچر بن چکا ہے، اس کلچر کی تبدیلی کے لیے سوشل ورک اور لوگوں کی سوچ میں تبدیلی کے لیے وقت درکار ہے، جو فوری طور پر ممکن نہیں، دوسری بات یہ کہ ماحولیات سے متعلقہ قوانین کو لاگو کرنے کے لیے ایک پیشہ ور ادارے کی ضرورت ہے۔‘ اگر قواعد و ضوابط سختی سے لاگو کیے جائیں، تو حالات تبدیل ہو سکتے ہیں۔ اور یہ امید اس حقیقت کے باوجود ہے کہ یومیہ کے حساب سے بڑی مقدار میں پلاسٹک تھیلوں کی سپلائی جاری ہے۔

