پہلے مرحلے میں موٹر وہیکل ٹیکس کی ادائیگی کیلئے مجوزہ سہولت فراہم کی جائے گی
صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے کہا ہے کہ محکمہ سندھ ایکسائز نے جنوری 2020سے آن لائن ٹیکس جمع کرانے کی سہولت شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور پہلے مرحلے میں موٹر وہیکل ٹیکس کی ادائیگی کے لیے مجوزہ سہولت فراہم کی جائے گی اور آہستہ آہستہ اس کا دائرہ وسیع ہوجائے گا۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنے دفتر میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبدالحلیم شیخ ، ڈائریکٹر جنرل شعیب احمد صدیقی ، ڈائریکٹر ایڈمن / ایم وی آر کنور عامر جمیل ، ڈپٹی ڈائریکٹر وحید شیخ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کمپیوٹر ون مہران خان اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات شعیب احمد صدیقی نے بتایا کہ ا?ن لائن ٹیکس کی ادائیگی کی سہولت ون لنک اور برانچ لیس بینکنگ یعنی ایزی پیسہ ، موبی کیش وغیرہ کے ذریعے انٹرنیٹ بینکنگ پر مبنی ہوگی۔ شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ آن لائن ٹیکس وصولی/ بل کی ادائیگی کی سہولت شروع کرنے سے قبل اس کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کے لیے آن لائن ٹیکس جمع کرانے کی شروعات ایک بہت بڑی سہولت ہوگی۔

