English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسٹالز ہٹائے جانے پر احتجاج ٗ کراچی میں اخبارات کی فروخت بند کردی جائیگی ٗ اخبار فروش رہنما

اگر شہر میں سڑکوں اور چوراہوں پر اخبارات فروخت نہیں ہونگے تو ہم کس طرح سپلائی جاری رکھ سکتے ہیں ٗ بدھ سے اسٹالز بند کردئیے جائیں گے ٗ اقبال نون
احتجاجی پروگرام کراچی کے بعد سندھ بھر میں پھیلایا جائیگا ٗ ہنگامی اجلاس سے حمید ڈاڈا ٗ شیخ محمود ٗ ناصر نثار ودیگر رہنمائوں کا خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں تجاوزات کی آڑ میں اخباری اسٹالز ہٹائے جانے کے خلاف اخبار فروش تنظیم کے رہنما میدان میں آگئے، مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں اخبارات کی فروخت بند کرنے کی دھمکی دے دی۔ مرکزی انجمن اخبار فروشاں کراچی کا ہنگامی اجلاس اخبار مارکیٹ میں منعقد ہوا، اجلاس میں شہر بھر سے اخبارات کے اسٹالوں کو ہٹانے اور اخبار فروشوں کی گرفتاریوں پر مذمت کااظہار کیا گیا۔ محمد اقبال نون نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اخبار فروشوں کی فلاح و بہبود اور مفاد کا تحفظ کیا لیکن آج ہمیں مایوسی ہوئی ہے کہ ہم نے کون سا جرم کر دیا ہے کہ اخبار فروشوں کے اخبارات ہٹانے کے ساتھ ساتھ ان کو گرفتار کیا جارہا ہے جبکہ اخبارات کے اسٹال انتظامیہ کی منظوری سے قائم ہیں، ہم اس سلسلے میں اعلیٰ عدلیہ سے بھی اپیل کریں گے اور اس کے قانونی حل پر غور کر رہے ہیں، اگر شہر میں سڑکوں اور چوراہوں پر اخبارات فروخت نہیں ہوں گے تو کس طرح ہم اس کی فروخت اور سپلائی جاری رکھ سکتے ہیں اس سلسلے میں اعلیٰ انتظامیہ سے رابطہ میں ہیں کمشنر کراچی سے بھی ملاقات کی لیکن آج پھر کھارادر تھانہ کے پولیس اہلکار اخبار فروش کو گرفتار کر کے لے گئے ہم کس طرح اخبار فروشوں کو مطمئن کریں کہ وہ اپنا کاروبار جاری رکھیں، مالکان اخبارات اس سلسلے میں اپنی پیشرفت کو تیز کریں تاکہ اخبار فروشوں میں جاری بے چینی دور ہو سکے ورنہ کل بدھ سے کراچی بھر کے اسٹالوں کو بند کر دیا جائے گا اور تین دن بعد تمام اخبارات کی سیل روکنے کے لیے اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا، ہم اپنے احتجاجی پروگرام کو کراچی کے بعد پورے سندھ کی سطح پر قائم کریں گے۔ عبدالحمید ڈاڈا نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج ایک ہفتہ ہوا اخبار فروش پریشانی کے عالم میں ہیں اس دوران مالی نقصان کے ساتھ ساتھ جانی نقصان بھی اٹھانا پڑا، ہمارا ایک ساتھی اس مہم میں اس جہان فانی سے رخصت ہوگیا اس کی آواز آج بھی انصاف کے لیے گونج رہی ہے ہم نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی اور اخبارات کے اسٹالوں کو محدود سائز میں رکھا بلکہ ہم نے انتظامیہ کو لکھ کر دیا کہ اگر کسی بھی اسٹال سے کوئی شکایت ہو تو رابطہ کریں ہم شکایت کو دور کریں گے، اس شہر میں سڑک کے کنارے 10 لاکھ کی گاڑی توکھڑی ہو سکتی ہے مگر اخبار فروش اپنا 4 فٹ کا اسٹال نہیں لگا سکتا۔ شیخ محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اخبارات فروخت کرتے ہوئے 30 سال کا عرصہ ہوا کبھی ایسا وقت نہیں آیا موجودہ حکومت نے تجاوزات کی آڑ میں لوگوں کو بے روزگار کردیا، نئے پاکستان سے تو وہی پاکستان اچھا تھا کہ غریب کو روٹی تو میسر تھی۔ اشرف خیام نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مالکان اخبارات دلچسپی لیتے ہوئے اخبار فروشوں کے مسائل حل کریں ورنہ اخبار فروش خود اخبارات کی فروخت بند کر دیں گے۔ محسن رضا نے کہاکہ تجاوزات کے خلاف مہم میں ہمارے ساتھی محمد وسیم کا ہارٹ فیل ہوگیا اور ادارے خاموش ہیں یہ لمحہ فکریہ ہے اس طرف بھی سوچنا ہوگا اور اداروں کو آواز بلند کرنی ہوگی۔ ناصر شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج اخبار فروش پریشانی کے عالم میں ہے اور ان کے اخبارات کے اسٹال ہٹائے جارہے ہیں جس سے وہ بے روزگار ہو رہے ہیں لیکن مالکان اخبارات اس پر آواز بلند نہیں کر رہے۔ مشتاق میمن نے کہاکہ ہم اسٹالوں کو ہٹائے جانے پر مذمت کرتے ہیں اور انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اخبارات کے اسٹالوں کو بحال کرے۔ شفیق بھائی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اخبارات کے اسٹالوں کو بحال کیا جائے اور مالکان اخبارات اس سلسلے میں کوئی کارروائی کریں ہم روز روز اس مسئلے سے پریشان ہیں اب سنجیدگی سے ان مسائل کی طرف دیکھنا ہوگا ایسا نہ ہو کہ اخبار فروش اپنا کام چھوڑ کر چلے جائیں اور اخبارات بیچنے والا کوئی نہ ہو، لہٰذا مالکان اخبارات جلد ازجلد اس مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے